کابل میں اغوا کی گئی ہندوستانی خاتون رہاکرائی گئی : سشما

نئی دہلی، 23؍جولائی(آئی این ایس انڈیا ) ایک بین الاقوامی این جی اومیں کام کرنے والی اور مشتبہ دہشت گردوں کی طرف سے گزشتہ ماہ کابل سے اغوا کی گئی ایک ہندوستانی خاتون کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج یہ معلومات دی۔آغا خان فاؤنڈیشن میں ایک سینئرتکنیکی مشیر کے طورپرکام کرنے والی 40سالہ جوڈتھ ڈیسوزا کو کابل سے ان کے دفتر سے باہر سے 9 ؍جولائی کواغواکرلیاگیا تھا۔سوراج نے ٹوئٹ کیاکہ میں آپ کو یہ مطلع کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہی ہوں کہ جوڈتھ ڈیسوزاکورہاکرالیا گیا ہے۔انہوں نے جوڈ تھ کی رہائی کو یقینی بنانے میں افغان حکام کی مدد اور حمایت کے لیے بھی شکریہ اداکیاہے۔وزارت خارجہ کولکا تہ کی رہائشی جوڈتھ کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔سوراج نے جوڈ تھ کی رہائی کو یقینی بنانے میں افغانستان میں ہندوستانی سفیر من پریت ووہرا کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔جوڈ تھ کے خاندان والوں نے گزشتہ مہینہ وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ان کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مداخلت کی اپیل کی تھی تاکہ وہ گھر لوٹ سکے۔مودی نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے جوڈ تھ کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے کوششوں میں تیزی لانے کی اپیل کی تھی ۔