کمبلے کو کرکٹ کی اچھی سمجھ: وجے

بنگلور، 30 جون (یو این آئی) ہندستانی ٹیسٹ اوپنر مرلی وجے نے ٹیم انڈیا کے نئے کوچ اور سابق کرکٹر انل کمبلے کی تعریف کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ انہیں کرکٹ کی کافی اچھی سمجھ ہے اور ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا ۔بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں منعقد قومی کرکٹ اکیڈمی کے کیمپ کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت میں وجے نے کہاکہ کمبلے سر کو کرکٹ کی کافی سمجھ ہے اور وہ اس کھیل کے بڑے مبصر ہیں۔ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو ان سے کافی کچھ سیکھنے کو ملے گا اور ان کے ساتھ اچھا وقت گزارنے کا موقع ملے گا۔کمبلے سر کو بین الاقوامی کرکٹ کا بھی کافی تجربہ ہے ۔وجے نے کہاکہ ٹیم نے نئے کوچ کمبلے کے ساتھ دو دن گزارے ہیں اور یہ ایک اچھا تجربہ رہا۔ ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔جب وہ کھیلتے تھے تو ان کا نام سب سے اچھے گیند بازوں میں شمار کیا جاتا تھا۔مجھے اس دوران ان کے ساتھ زیادہ وقت بتانے کا موقع نہیں ملا۔جب میں نے ٹیسٹ ڈیبو کیا تھا، وہ ان کا آخری ٹیسٹ مقابلہ تھا۔کمبلے کی کوچنگ قیادت میں ہندستانی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 جولائی تک، دوسرا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے تین اگست تک، تیسرا ٹیسٹ نو سے 13 اگست تک جبکہ چوتھا اور آخری ٹیسٹ پورٹ آف اسپین کے کوینس پارک اوول میدان میں 18 سے 22 اگست تک کھیلے گی۔وجے اس سے پہلے بھی ویسٹ انڈیز کا دورہ کر چکے ہیں۔32 سالہ وجے نے کہاکہ میں تین بار ویسٹ انڈیز کا دورہ کر چکا ہوں اور وہاں کے حالات سے واقف ہوں۔ہمیں تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔اپنی بنیادی ٹیکنالوجی پر قائم رہنا بلے باز کے لیے اہم ہو گا جس سے اس کے پاس بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا بھی موقع رہے گا۔اس کے علاوہ کارکردگی میں تسلسل بھی برقرار رہے گا۔وجے نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے پچھلے دوروں میں ہندستانی ٹیم نے اچھا مظاہرہ کیا لیکن ان کی کارکردگی کچھ خاص نہیں تھی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ دورے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ویسٹ انڈیز کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک شاندار جگہ ہے اور وہاں جوش اور مہم جوئی کے ساتھ ساتھ مقابلہ بھی ہوتا ہے ۔ٹیم انڈیا ویسٹ انڈیز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیار ہے ۔ویسٹ انڈیز میں جیت درج کرکے ہندستان واپس لوٹنے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف کرکٹ سیریز میں ہندستانی ٹیم پورے اعتماد سے اترے گی۔فٹنس کو ٹیم انڈیا کی اہم کڑی بتاتے ہوئے وجے نے کہاکہ ہندستانی ٹیم کو اگلے 12 ماہ کے دوران 17 ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں اور ایسے میں فٹنس ٹیم کے لئے اہم کڑی ثابت ہوگی جس پر کامیابی کافی حد تک انحصار کرے گی۔ٹیم کے پاس اچھے فیزیو ہیں امید ہے کہ پوری ٹیم سیزن کے دوران فٹ رہے گی۔