کوہلی کی سنچری سے ہندستان کی پوزیشن مستحکم

اینٹیوگا،22 جولائی(پی ایس آئی)انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر کپتان وراٹ کوہلی کی سنچری کی بدولت انڈیا ایک بڑا سکور کرنے کی پوزیشن میں آگیا ہے۔اینٹیوگا کے نارتھ ساؤنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر انڈیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا لیے تھے۔جمعرات کو جب کھیل کا اختتام ہوا تو کپتان وراٹ کوہلی 143 اور روی چندرن ایشون 22 رنز پر کھیل رہے تھے۔وراٹ کوہلی نے 197 گیندوں پر 16 چوکوں کی مدد سے 143 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں اپنے 3000 رنز بھی مکمل کر لیے ہیں۔اس سے قبل اوپنر شکھر دھون 84 اور مرلی وجے سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔شکھر دھون اور وراٹ کوہلی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 105 رنز بنائے۔دوسرے دن سب کی نظریں وراٹ کوہلی کی طرف رہیں گی جن 143 رنز کی اننگز سے ان کے تیور یہی دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ ایک بڑے اسکور کا کرشمہ دکھانا چاہتے ہیں.ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیوندرا بشو نے تین اور شینن گیبریئل نے ایک وکٹ حاصل کی۔