ہندستان اور تنزانیہ کے مابین5 سمجھوتوں پر دستخط

 

دارالسلام، 10 جولائی (یو این آئی) ہندستان نے آج تنزانیہ کے ساتھ زنجیبارمیں تجارتی تربیتی مرکز قائم کرنے اور اسے واٹر سپلائی سسٹم کیلئے 9.2 کروڑ روپئے قرض دینے سے متعلق سمجھوتے سمیت پانچ سمجھوتوں پر دستخط کئے ۔وزیر اعظم نریندر مودی اور تنزانیہ کے صدر جان ماگوفلی کی موجودگی میں دونوں ممالک کے سینئر حکام نے پانچ سمجھوتوں پر دستخط کئے جن میں آبی وسائل کے مینجمنٹ وترقی سمجھوتہ، ہندستانی چھوٹی صنعت کارپوریشن اور تنزانیہ کی چھوٹی صنعت کی ترقی کی تنظیم کے مابین سمجھوتہ اور سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ یافتگان کیلئے ویزا چھوٹ سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔صدر ماگوفلی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ دونوں

 
ممالک دفاع اور سیکورٹی ساجھیداری، خصوصاً بحری خطوں میں مزید مضبوط بنانے پر متفق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ‘ہم دہشت گردی اور تبدیلی آب و ہوا کے خطروں سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی سطح پر مل کر کام کرنے کیلئے متفق ہوئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد کل شام یہاں پہنچے مسٹر مودی تنزانیہ کے صدر سے دوطرفہ اور وفد کی سطح کی بات چیت کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کر رہے تھے ۔مسٹر مودی نے دونوں فریقوں کے درمیان ہوئی جامع بات چیت کی تفصیل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شراکت داری کے تمام امکانات پر غور کیا گیا اور تنزانیہ سے ہندستان کو دالوں کی برآمد ات میں اضافہ سمیت زراعت اور غذائی تحفظ کے سیکٹر میں تعلقات مضبوط بنانے پر مفاہمت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک17 شہروں کے لئے کئی واٹر پروجیکٹوں پر کام کر رہے ہیں جس کے لئے ہندستان کم سود کی شرح پر 50 کروڑ ڈالر کا اضافی قرض دینے کے لئے تیار ہے ۔مسٹر مودی نے کہا ‘عوامی صحت’ مشترکہ مفاد کا ایک اور اہم سیکٹر ہے اور ہندوستان دواؤں اور طبی آلات کی فراہمی سمیت تنزانیہ میں طبی خدمات کی تمام ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے تیار ہے ۔ بگاندو میڈیکل سینٹر میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے ایک ہندستانی ریڈیو تھراپی مشین لگائی گئی ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تین ارب ڈالر کی دوطرفہ سالانہ تجارت ہوتی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تنزانیہ کی ترجیحات اور ضروریات کے مطابق ہندستان اس کا تعاون کرتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ ہندستان کے افریقہ کے مشرقی ساحلی ممالک کے ساتھ، خاص طور پر تنزانیہ کے ساتھ بہت مضبوط تعلق ہے ۔ مسٹر مودی نے افریقی جزیرہ کے چار ممالک کے دورہ کے دوران کل رات تنزانیہ پہنچنے کے بعد ٹویٹ کیا ‘تنزانیہ پہنچ گیا۔ میں اس دورہ کے سلسلے میں کافی پرجوش ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ہندستان اورتنزانیہ کے روابط کو ایک نئی جہت ملے گی’۔مسٹر مودی آج یہاں تنزانیہ کے صدر جان میگوفلی کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے ۔ وہ افریقہ میں دیہی خواتین سولر انجینئروں کے ایک گروپ ‘سولر مماس’ کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے اور تنزانیہ میں مقیم ہندستانی برادری کے لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔