بنگال کے بعد ممتا بنرجی کی نظر اب تریپورہ پر

کولکاتہ 28جولائی (ایجنسی): مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی نظر اب تریپورہ پر ہے۔ وہ 9اگست کو مانک سرکار کے تریپورہ میں ریلی کرنے جارہی ہیں۔ وہ تریپورہ کے عوام کو اصطبل میدان سے خطاب کریں گی۔ اس بار وہ پھر سے تریپورہ کے لوگوں سے ریاست پر طویل عرصہ سے قائم سی پی ایم کے اقتدار کو ختم کر کے بایاں محاذ کی حکومت کو وہاں سے بے دخل کرنے کی اپیل کریں گی۔ 2014 کے عام انتخابات میں تریپورہ میں ممتا کا جادو نہیں چل پایا تھا۔ لیکن اس بار ٹی ایم سی کے کارکنان کافی پرجوش ہیں۔ انہیں امید ہے کہ 2018 میں ہونے والے انتخابات میں ٹی ایم سی کو کامیابی ملے گی۔ پارٹی کے لیڈر سودیپ رائے برمن ممتا کو جیت دلانے کیلئے تریپورہ میں سخت محنت کررہے ہیں۔ ٹی ایم سی کے قوامی نائب صدر مکل رائے ایک اگست کو ریلی کے انتظامات دیکھنے کیلئے تریپورہ جارہے ہیں۔ سیاست کے ماہرین مانتے ہیں کہ ممتا نے مغربی بنگال میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے بعد سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ لیا ہے۔ پارٹی کے اندر کے لوگوں کو امید ہے کہ ممتا کی اس ریلی میں لوگوں کا بھاری ہجوم اکٹھا ہوگا۔ ان کا ماننا ہے کہ تریپورہ میں یہ ریلی اقتدار کی تبدیلی کا باعث ہوسکتی ہے۔