اُرجت پٹیل ریزرو بینک کے نئے گورنر مقرر

نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) ریزرو بینک کے ڈپٹی گورنر اُرجت پٹیل کو مسٹر رگھو رام راجن کے مقام پر ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کا نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے جو آر بی آئی کے 24 ویں گورنر بنیں گے ۔مسٹر راجن کی مدت کار چار ستمبر کو ختم ہو رہی ہے ۔ نئے گورنر کی فہرست میں کئی ناموں پر غور ہورہا تھا اور حکومت نے آخر کار باہر سے کسی شخص کو اس عہدے پر مقرر کرنے کی قیاس آرائیوں پر روک لگاتے ہوئے سنٹرل بینک کے چار ڈپٹی گورنروں میں سے ایک مسٹر پٹیل کو اس عہدے پر مقرر کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ وہ 2013 سے ریزرو بینک میں ڈپٹی گورنر کے عہدے پر کام کر رہے ہیں اور اب مانیٹری پالیسی کے انچارج بھی ہے ۔اس سال جنوری میں ڈپٹی گورنر کے عہدے پر ان کو دوبارہ مقرر کیا گیا تھا۔حکومت نے آج جاری ایک بیان میں کہا کہ مسٹر پٹیل کی مدت کار تین سال ہوگی اور ان کی معیادکار چار ستمبر سے مؤثر ہوگی۔ کابینہ کی تقرری کمیٹی نے مسٹر پٹیل کی تقرری کو منظوری دی ہے ۔ واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر سبرامنیم سوامی کی طرف لگائے گئے الزامات اور اس سلسلے میں ہوئی بیان بازی کے بعد مسٹر راجن نے چار ستمبر کو مدت ختم ہونے پر تعلیم و تدریس کی دنیا میں واپس ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد نئے گورنر کی تقرری کے عمل کو شروع کیا گیا تھا۔