بھارت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکس اصلاحات کی منظوری

نئی دہلی: بھارتی پارلیمنٹ نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکس اصلاحات کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ یہ ٹیکس اصلاحات مودی سرکار کی جانب سے پیش کی گئی تھیں جس کی توثیق پارلیمنٹ نے دے دی۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اسے کاروبار کو آسان بنانے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔ بل کی منظوری کے بعد اب پورے ملک میں سروسز اور ساز و سامان پر صرف ایک مرتبہ ٹیکس نافذ کیا جائے گا اور اس ٹیکس کی شرح بھی پورے ملک میں یکساں ہوگی۔ ان سروسز ٹیکس اصلاحات کو بھارت کی جانب سے 25 برس قبل متعارف کرائے گئے ٹیکس نظام کے بعد سے اہم اصلاحات قرار دیا جا رہا ہے۔