بی جے پی کا نیا ہیڈکوارٹر کارکنوں کی قربانیوں کی علامت : مودی

نئی دہلی، 18 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نئے ہیڈ کوارٹر کا سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ یہ صرف ایک عمارت نہیں ہوگی بلکہ کارکنوں کی کئی نسلوں کی قربانیوں کی علامت ہوگی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ بی جے پی کو اپنے قیام کے وقت سے ہی ہر موڑ پر کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کی ہر کوشش کو غلط نقطہ نظر سے دیکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو انگریزوں کے دور حکومت میں بھی ایسی صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہو گا، جس سے گزشتہ 50 برسوں میں بی جے پی کے کارکنوں کو گزرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ “ہمارا عزم ہر شخص کو ساتھ لے کر چلنے اور سب کے لئے کام کرنے کا ہے کیونکہ ہماری ترجیح ملک کی تعمیر ہے ۔ ہر ایک کو خودسپردگی سے اپنا فرض نبھانا چاہئے اور معاشرے کے ہر طبقے کو آگے بڑھانا چاہئے “۔ بی جے پی کا نیا ہیڈ کوارٹر وسطی دہلی کے دین دیال اپادھیائے روڈ پر بنایا جا رہا ہے ۔ فی الحال پارٹی کا ہیڈ کوارٹر 11 اشوک روڈ پر سرکاری عمارت میں ہے ۔ بی جے پی کے نئے ہیڈکوارٹر کا آج سنگ بنیاد رکھا گیا ، جس کے لئے آج بھومی پوجن کی گئی۔ اس موقع پر بی جے پی کے صدر امت شاہ، پارٹی کے سینئر لیڈران لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی، مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ، ارون جیٹلی، ایم وینکیا نائیڈو ، نتن گڈکری اور پارٹی کے کئی دیگر لیڈر ان شامل ہوئے ۔ مسٹرنریندر مودی نے کہا کہ بی جے پی کی لیڈرشت کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ ہم کبھی بھی اپنے نظریے اور اصولوں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے ، چاہے ہمیں اپوزیشن میں ہی بیٹھنا پڑے ۔ مسٹر امت شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی نے ایک نئی بلندی حاصل کی ہے اور یہ سب کارکنوں کی سخت محنت کی بدولت ممکن ہوا ہے ۔بی جے پی کا نیا ہیڈکوارٹر آئی ٹی او کے نزدیک دین دیال اپادھیائے روڈ پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔پارٹی کے نئے ہیڈ کوارٹر جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا، جس میں وائی فائی کی سہولیت کے ساتھ 70 کمرے ہوں گے ۔ اس کے احاطے میں گھر میں انڈرگراؤنڈ پارکنگ، آڈیٹوریم، لائبریری اور اسٹوڈیو بھی ہوگا۔ اس کی تعمیر 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے مکمل ہونے کی توقع ہے ۔