جھارکھنڈ اسمبلی سے بھی جی ایس ٹی کی توثیق

رانچی 17 اگست (معیز الدین خان): جھارکھنڈ قانون ساز اسمبلی نے بدھ کو جی ایس ٹی سے متعلق آئینی ترمیمی بل کو اتفاق رائے سے منظوری دے دی ۔ وزیراعلیٰ رگھوور داس نے بل کی منظوری کے بعد اسمبلی کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک ملک اور ایک ٹیکس نظام قائم کرنے کیلئے اٹھائے گئے اس تاریخی قدم میں سب کی حصہ داری رہی ہے اور سب نے پارٹی کی سیاست سے اوپر اٹھ کر جس طرح بل کی حمایت کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی سے بدعنوانی پر لگام لگے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جی ایس ٹی بل کی منظوری کسی ایک فرد کی حصولیابی نہیں ہے بلکہ یہ ملک کے 132 کروڑ عوام کی حصولیابی ہے اور جھارکھنڈ سے اس بل کی منظوری کا کریڈٹ بھی یہاں کے تین کروڑ 32 لاکھ عوام کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں جب جھارکھنڈ میں ویٹ لاگو ہو ا اس وقت کچھ لوگوں نے کچھ خدشات کا اظہار کیا تھا۔ لیکن بعد میں یہ ظاہر ہوگیا کہ ویٹ سے سب کو فائدہ ہوا ہے۔ ابھی بھی ٹیکس نظام میں کچھ خامیاں ہیں ۔جی ایس ٹی لاگو ہونے سے وہ خامیاں دور ہوجائیں گی اور اس سے بھی ریاستوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔