جھارکھنڈ کا حج ہاؤس قابل دید ہوگا : رگھوور

رانچی 20 اگست (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کی ترقی کیلئے پابند عہد ہے۔ مرکزی حکومت سے اقلیتوں کی ترقی کیلئے 44 بلاکوں کیلئے 375 کروڑ روپئے کی رقم ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اور مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے جلد رقم دینے کی گزارش کی جائے گی۔ وہ آج مسلم اختیار کاری اور اسکل ڈیولپمنٹ کیلئے پروجیکٹ بھون میں منعقد سنواد پروگرام میں بول رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دو اکتوبر تک حج ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھنے کا منصوبہ ہے۔ 70 کروڑ کی لاگت سے حج ہاؤس بنایا جائے گا جو ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مشہور اور قابل دید ہوگا۔ حکومت بچوں کو تربیت دینے کیلئے مسلم اکثریتی علاقوں میں اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر بھی کھولے گی۔ ہر ضلع آفس میں اقلیتی سیل کی تشکیل کی جائے گی ۔ وہاں ضلع کے اقلیتی آبادی اپنے مسائل پہنچاسکیں گے اس کی مانیٹرنگ وزیر سطح سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اقلیتی کمیشن کی تشکیل کرلی جائے گی۔ مالیاتی کارپوریشن کاکام بھی شروع کیا جائے گا اور یہ صرف کاغذی نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسکلڈ بچوں کو خود روزگار کاموقع ملے اس کیلئے کارپوریشن کے پاس قرض مہیا کرانے میں مدد کرنے کا اختیار ہوگا۔ ریاست میں 100 ای لائبریری کی شروعات کی جارہی ہے۔