دوسرے ٹسٹ پربھی بھارت کی گرفت مضبوط

کنگسٹن31 جولائی (یواین آئی) روی چندرن اشون (پانچ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی سے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کو 196 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد ہندستانی کرکٹ ٹیم نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 126 رنز بنا لئے ہیں۔ میزبان ویسٹ انڈیز نے میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کی خراب کارکردگی دوسرے ٹیسٹ میں بھی جاری رہی اور ہندستانی گیند بازی کے سامنے ٹیم کی پہلی اننگز 52.3 اوور میں 196 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس کے بعد دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں 37 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 126 رنز بنا لئے ہیں اور وہ ویسٹ انڈیز کے اسکور سے صرف 70 رنز پیچھے ہے ۔ ہندستان کے نو وکٹ محفوظ ہیں۔مرلی وجے کی غیر موجودگی میں اوپننگ کر رہے لوکیش راہل 114 گیندوں میں 10 چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 75 رنز بنا چکے ہیں. ان کے ساتھ چتیشور پجارا ناٹ آؤٹ 18 رنز بنا کر کریز پر ہیں۔دونوں بلے باز دوسرے وکٹ کے لئے 39 رن کی ناٹ آووٹ شراکت داری کر چکے ہیں۔ پہلی اننگز کھیلنے اتری ہندستانی ٹیم نے اپنا واحد وکٹ شکھر دھون کے طور پر گنوایا۔ دھون نے 52 گیندوں میں پانچ چوکے لگا کر 27 رنز بنائے تھے کہ روسٹن چیز نے انہیں ڈیرن براوو کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ راہل نے دھون کے ساتھ 87 رن کی شراکت شراکت داری کی۔ میچ کے پہلے دن ہندستان کا واحد وکٹ ویسٹ انڈیز کے چیزنے لیا۔ دیگر کسی کیریبیائی بولرکو کامیابی نہیں ملی۔ اس سے پہلے کیریبیائی اننگز کو سمیٹنے میں ایک بار پھر تجربہ کار آف اسپنر اشون نے اہم کردار ادا کیا اور ہندستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ اشون نے 52 رن پر پانچ وکٹ، تیز گیند باز محمد سمیع نے 23 رن پر دو وکٹ اور ایشانت شرما نے 53 رن پر دو وکٹ کی خطرناک گیند بازی سے ویسٹ انڈیز کو 196 رنز کے معمولی اسکور پر ڈھیر کر دیا۔ کیریبیائی ٹیم کا آغاز کافی خراب رہا اور اس کے تینوں بلے باز دہائی کے ہندسے کو بھی چھو نہیں سکے ۔ ٹیم نے صرف سات رن پر اپنے تین وکٹ گنوا دیے ۔کارلوس بریتھویٹ (ایک)، راجندر چندریکا (پانچ) اور ڈیرن براوو (صفر) پر آؤٹ ہو گئے ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جرمین بلیک ووڈ نے 62، مارلون سیموئلز نے 37 اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا آغاز کر رہے میگویل کمنز نے ناٹ آؤٹ 24 رنز کا تعاون دے کر حالات کو کچھ سنبھالا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے لنچ تک 88 رن پر چار وکٹ گنوا دیے ۔ تیز گیند باز سمیع نے چیز کو 10 رن کے اسکور پر دھون کے ہاتھوں کیچ کرایا اور میزبان ٹیم کو ساتواں جھٹکا دیا۔ چیزکے آؤٹ ہونے کے بعد دیویندر بشو نے ضرور کچھ وقت وکٹ پر گزارے لیکن وہ بھی 34 گیندوں میں 12 رنز بنا کر اشون کی گیند پر دھون کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔ بشو کے علاوہ کپتان جیسن ہولڈر نے 13 اور شینن گیبرئیل نے ناٹ آؤٹ 15 رنز بنائے ۔ ہندوستان نے اپنے پانچ گیند بازوں کو محاذ پر لگایا تھا جن میں فاسٹ بولر امیش یادو کو چھوڑ کر تمام گیند بازوں نے اپنے کپتان کو مایوس نہیں کیا۔ اشون نے پانچ، سمیع اور ایشانت نے دو دو اور لیگ اسپنر امت مشرا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔