راجناتھ سنگھ اور محبوبہ مفتی نے کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

سری نگر ، 25 اگست (یو ا ین آئی) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو وادی کے اپنے دو روزہ دورے کے دوسرے دن ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کر کے وادی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سرکاری ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے وزیر داخلہ کو ریاست کی اندرونی سلامتی صورتحال اور اُن سیاسی و اعتماد سازی کے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی جو ریاست میں امن بحال کرنے کے لئے اہم ہیں۔ محترمہ مفتی نے ریاست کی اکثریت تک پہنچنے پر زور دیا جو پر امن سیاسی اقدامات سے معاملات کا حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ وادی کے کچھ ہی نوجوان تشدد اختیار کر کے بحالی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے خدشات کو سمجھتے ہوئے اکثریت تک پہنچنا چاہئے ۔ انہوں نے عام شراکت داروں کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز بات چیت شروع کرنے کی بھی وکالت کی۔وزیر اعلیٰ نے ریاست کے سیاسی، اقتصادی، معاشی اور ترقیاتی معاملات کو حل کرنے کے لئے اعتماد سازی اور موافقت کے اقدامات کو نئی جدت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے خصوصی طور نوجوانوں تک پہنچ کر اُن کے غصے اور خدشات کو دور کرنے پر زور دیا تا کہ ریاست میں صورتحال کو بہتر بنانے کے علاوہ امن بحال کیا جاسکے ۔