ساکشی کو رانی لکشمی بائی ایوارڈ سے نوازیں گے : اکھلیش

لکھنؤ 18 اگست (یواین آئی) ریو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ساکشی ملک کو اترپردیش کے باوقار کھیل اعزاز لکشمی بائی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ریاست کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج ساکشی کومبارکباد دیتے ہوئے کہا “بے انتہا صلاحیتوں کی حامل ساکشی ملک نے سوا سو کروڑ ہم وطنوں کا سر فخر سے بلندکیا ہے ۔ہندوستان کی جانب سے پہلا کانسے کا تمغہ حاصل کرنے والی ساکشی ملک کو رانی لکشمی بائی بہادری ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ ” انہوں نے کہا “رکشا بندھن کے مبارک موقع پر ملک کی بیٹی نے خواتین کی طاقت کی منفرد مثال پیش کی ہے جس کے لیے ہم سب ان کے شکر گزار ہیں۔ سماج وادی حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کام کر رہی ہے اور کھلاڑیوں کو ہرطرح کی سہولیات بھی مہیا کرا رہی ہے ۔” واضح رہے کہ ہریانہ کی رہنے والی ساکشی ملک نے کل رات کشتی کے ایک اہم میچ میں 5۔0 سے پچھڑنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے کرغستان کی کھلاڑی کو آٹھ ۔پانچ سے شکست دی اور ریو اولپک کے 12 ویں دن تمغے کے انتظار کو ختم کیا۔ اولمپک میں تمغہ جیتنے والی وہ پہلی ہندوستانی خاتون پہلوان بن گئی ہیں۔