سنڈیکٹ میں ملوث لیڈروں کو بخشا نہیں جائے گا : ممتا

کلکتہ19اگست(یو این آئی) کلکتہ شہر کے نیو ٹاؤن، راجر ہاٹ اور دیگر علاقوں میں سنڈیکٹ راج کی شکایتیں مسلسل ملنے سے خفاوزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس میں ترنمول کانگریس کا کوئی بھی لیڈر یا ممبر ملوث رہا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔نذرل منچ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے پارٹی کی بدنامی ہورہی ہے ، اس لیے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے شکایتیں ملی ہیں کہ کچھ کونسلر اپنے علاقوں میں مکانات کی تعمیر کیلئے روپیہ مانگتے ہیں ، میں اس معاملے کو ذاتی طور پر دکھوں گی اور ان کے خلاف کارروائی کروں گی۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیشی کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ذاتی طور پر ممتا بنرجی سے شکایت کی تھی کہ سالٹ لیک علاقے میں ان کے قریبی شخص سے مکان کی تعمیر کیلئے کونسلر انندا چٹرجی روپیہ بطور رشوت مانگ رہے ہیں ۔اس کی وجہ سے ممتا بنرجی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑاتھا ۔ممتا بنرجی کی ہدایت کے بعد چٹرجی کو گرفتار کرلیا گیا اور اس معاملے کی جانچ چل رہی ہے ۔راجر ہاٹ علاقے میں سنڈیکٹ راج کی وجہ سے پارٹی میں دو گروپوں کے درمیان جھڑپ کی بھی خبریں عام ہوچکی ہیں ۔پولس بھی اس پر روک لگانے میں ناکام ہوچکی ہیں ۔