لوک سبھا میں راج ناتھ کو بی جے پی ممبر نے ہی گھیرا

نئی دہلی، 10 اگست (یو این آئی) حکومت کو لوک سبھا میں اس وقت ناموافق حالت کا سامنا کرنا پڑا جب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک ممبر پارلیمنٹ نے بنگلہ دیش سرحد پر ہمسایہ ملک کے ایک اسمگلر کو گولی مارنے کی وجہ سے سرحدی سلامتی فورس کے ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ اور سات جوانوں کو معطل کئے جانے کے سلسلے میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت ہی سکیورٹی فورسز کا حوصلہ توڑے ، تو کیا ہوگا۔مدھیہ پردیش کے اجین سے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر چنتامنی مالویہ نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 14 مئی کو بنگلہ دیش کی سرحد پر سونے کی اسمگلنگ کو روکنے کی کوشش کے دوران بی ایس ایف کے سکیورٹی جوانوں کی گولی سے ایک بنگلہ دیشی اسمگلر ہلاک ہو گیا۔ اس پر بی ایس ایف کے ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ اور سات جوانوں کو معطل کر دیا گیا۔ڈاکٹر مالویہ نے کہا کہ وہ وزیر داخلہ کو توجہ دلانا چاہتے ہیں کہ اگر حکومت ہی اپنے سرحدی فورسیز کا حوصلہ توڑنے کا کام کرے گی تو کیا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسسٹنٹ کمانڈنٹ اور ساتوں جوانوں کو بحال کرے اور سرحدکی حفاظت میں اپنے فرائض انجام دینے کیلئے انہیں سرفراز کرے ۔