مرکزی وزیر روڑی سڑک حادثے میں بال بال بچے

چھپرہ، 21 اگست (یو این آئی) اسکل ڈولپمنٹ اینڈ انٹر پرینیور شپ کے مرکزی وزیر (آزادنہ چارج) راجیو پرتاپ روڑی اپنے پارلیمانی حلقہ بہار میں سارن ضلع کے گرکھا کے قریب آج سڑک حادثے میں بال بال بچ گئے ۔ مسٹر روڑی نے یہاں یواین آئی کو بتایا کہ ضلع کے گرکھا میں پہلے سے مقررہ پروگرام وزیر اعظم اجول منصوبہ کے آغاز کے لئے جب وہ امنور سے جا رہے تھے تبھی نیشنل ہائی وے پر سامنے سے آ رہی ایک گاڑی سے ان کی گاڑی ٹکرا گئی۔. حادثے میں ان کی گاڑی کا اگلا حصہ بری طرح سے نقصان پہنچا جبکہ انہیں ہلکی چوٹیں آئی ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ بعد میں دوسری گاڑی سے وہ پروگرام میں شامل ہونے کے لئے روانہ ہو گئے ۔ اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے ۔ اس سے قبل بھی مسٹر روڑی جب اپنے قافلے کے ساتھ سیلاب متاثرہ رول گنج جا رہے تھے تبھی نیشنل ہائی وے 19 کے قریب کچے راستے پر ان کی گاڑی پانی کی تیز بہاؤ کی زد میں آ گئی۔ رول گنج کے قریب گنگا۔ گھاگھرا اور سون ندی کا پوائنٹ ہونے سے پانی میں تیز ی تھی جس کی وجہ سے ان کا قافلہ کچھ دیر کے لئے پھنسا رہا جس سے افرا تفری کی صورت حال پیدا ہو گئی تھی۔ پانی کی تیز بہاؤ کی وجہ سے ان کی گاڑی بہنے لگی تھی لیکن سکیورٹی اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے کسی طرح سے انہیں بچا لیا۔