وراٹ نے بڑھا یا ہندستانی کھلاڑیوں کا حوصلہ

نئی دہلی، 07 اگست (یو این آئی) ٹیم انڈیا کے ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی نے ریو اولمپکس میں حصہ لے رہے ہندستانی کھلاڑیوں کا جوش بڑھانے کے لئے ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے ۔ریو اولمپکس میں ہندستان نے اب تک کا اپنا سب سے بڑا 118 رکنی دستہ اتارا ہے اور ان کھلاڑیوں سے ہم وطنوں کو تمغہ کی کافی امیدیں ہیں۔وراٹ نے بھی انہی توقعات کے ساتھ ہندستانی ٹیم کا حوصلہ بڑھایا ہے اور ان سے اچھی کارکردگی کی توقع کی ہے ۔وراٹ ایک اسپورٹس کے اشتہار میں ان تمام ہندوستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آ رہے ہیں جو ریو میں ہندوستان کی شان بڑھانے گئے ہیں۔ویڈیو میں وراٹ یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ جس ملک میں کرکٹ کروڑوں لوگوں کے خون میں دوڑتا ہے ، وہاں کچھ ایسے بھی کھلاڑی ہیں جن کے ارادے اور بھی مضبوط ہیں۔کپتان وراٹ اس وقت ویسٹ انڈیز میں ہیں جہاں ہندستانی ٹیم میزبان ویسٹ انڈیز کے ساتھ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے ۔ہندستانی ٹیم سیریز میں 1۔0 سے آگے ہیں۔سیریز کا تیسرا میچ منگل سے شروع ہوگا۔