وراٹ کی فٹنس انہیں خاص بناتی ہے : دھونی

نئی دہلی، 19 اگست (یو این آئی) گزشتہ ایک سال سے شاندار فارم میں چل رہے ٹیم انڈیا کے ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کے مداحوں کی فہرست میں ہندستانی ٹیسٹ کپتان مھندر سنگھ دھونی بھی شامل ہو گئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ وراٹ کی فٹنس اور رن بنانے کی بھوک انہیں خاص بناتی ہے ۔دنیا کے بہترین فنشرز میں ایک دھونی نے کہا کہ گزشتہ کئی سال وراٹ کیلئے انتہائی شاندار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وراٹ نے مسلسل اپنے کھیل کو نکھارا ہے ۔ان کے پہلے میچ سے ہی یہ صاف جھلکتا تھا کہ ان میں کھیل کے تئیں پورا عزم ہے ۔وہ میدان پر مثبت نظریہ کے ساتھ اترنے کے ساتھ ہمیشہ رن بنانے کے لئے آگے نظر رکھتے ہیں۔وہ جیت میں اپنا سب کچھ جھونک دینے کے مقصد کے ساتھ اترتے ہیں۔دھونی نے کہاکہ وراٹ کی فٹنس غضب کی ہے ۔وہ میدان سے الگ اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کیلئے سخت محنت کرتے ہیں اور ہر میچ کے حساب سے منصوبے بناتے ہیں۔وہ حالات کے حساب سے اپنے کھیل کو ڈھالنے میں مکمل طور قابل ہیں اور یہی بات انہیں خاص بناتی ہے ۔محدود اوور کے کپتان نے کہاکہ وراٹ میں کھیل کے ساتھ اچھی قیادت کی صلاحیت بھی ہے ۔ وہ ڈھیروں رنز بنا کر ٹیم کی قیادت کرتے ہیں اور چیلنجوں کا سامنا کرنے سے ہچکتے نہیں ہیں۔وہ جارحانہ ہیں اور یہ بات انہیں دباؤ سے نمٹنے میں مدد کرتی ہے ۔مجھے لگتا ہے کہ ان کا مستقبل انتہائی روشن ہے ۔دھونی طویل وقفے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف فلوریڈا میں ہونے والی دو ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز سے میدان پر واپسی کر رہے ہیں اور پہلی بار ٹیم کے نئے کوچ انل کمبلے کی قیادت میں کھیلیں گے ۔ دھونی نے اس بارے میں کہاکہ انل بھائی شاندار کرکٹر رہے ہیں۔میں پہلے بھی ان کے ساتھ کھیل چکا ہوں۔میں ان کی کپتانی میں بھی کھیل چکا ہوں اور وہ بے حد خاص ہیں۔وہ ان چنندہ کھلاڑیوں میں رہے ہیں جو حالات کے محتاج نہیں ہیں۔35 سالہ دھونی نے کہاکہ وکٹ سے مدد ملے یا نہ ملے وراٹ اپنا دن ہونے پر کسی بھی مخالف کو پست کر سکتے ہیں۔وہ میدان کے باہر انتہائی سنجیدہ اور پرسکون رہنے والے اور بولنگ کرتے وقت انتہائی جارحانہ کھلاڑی رہے ہیں۔وہ کافی تجربہ کار ہیں اور یقینی طور پر ان کی ٹیم سے جڑنے سے ٹیم کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔