وطن واپسی پرساکشی کا شاندار استقبال ،انعامات کی بارش

نئی دہلی، 24 اگست (یو این آئی) ہندوستان کو ریو اولمپک کھیلوں کا پہلا تمغہ دلانے والی خاتون پہلوان اور کانسہ کا تمغہ فاتح ساکشی ملک بدھ کو وطن واپس لوٹ آئیں جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ہریانہ حکومت نے خاتون کھلاڑی کو نقد انعام دینے کے ساتھ ہی’ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاو ‘کابرانڈ ایمبسڈر مقرر کیا ہے ۔ساکشی جب اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر پہنچیں تو وہاں بڑی تعداد میں موجود لوگوں نے ان کا پھولوں کے ہار پہناکر استقبال کیا۔ ساکشی نے یہاں صحافیوں سے کہا “پورے ہندوستان نے میرا ساتھ دیا اور جس طرح میرا استقبال ہوا ہے اسے دیکھ کر میں حیران ہوں اور بہت ہی خوش ہوں۔ میں سب کی شکر گزار ہوں۔”اس کے بعد بہادر گڑھ میں ساکشی کے اعزاز میں ایک خاص پروگرام منعقد کیا گیا جہاں ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے خاتون پہلوان کو ڈھائی کروڑ روپے کا چیک دیا۔ اس دوران ریاستی حکومت کے وزیر کھیل انل وج بھی ساکشی کے ساتھ موجود تھے ۔ وج بھی ریو اولمپکس سے واپس آئے ہیں۔اس کے علاوہ کئی دیگر وزیر اور بڑے افسران بھی موجود تھے ۔اسی دوران ہریانہ کے وزیر اعلی نے ساکشی کو ریاست میں ‘بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاو’ مہم کا برانڈ ایمبسڈربھی مقرر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ساکشی ریاست میں اس مہم کا چہرہ ہوں گی۔ساکشی نے خواتین کے 58 کلوگرام وزن زمرے کی کشتی میں ریپ چیز راؤنڈ میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا جو ریو اولمپک کھیلوں میں ہندوستان کو ملا پہلا تمغہ تھا۔ اس کے بعد بیڈمنٹن میں پی وی سندھو نے چاندی کا تمغہ جیتا اور 118 رکنی ہندوستانی ٹیم میں محض یہ دو خواتین ہی تمغے کے ساتھ وطن واپس آئی ہیں ۔اولمپک کھیلوں میں تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون پہلوان بنیں ساکشی نے کہا “میں نے اولمپکس میں تمغہ جیتنے کا خواب دیکھا تھا لیکن کبھی نہیں سوچا تھا کہ جھنڈہ میرے ہاتھ میں ہوگا۔ میرا وہ خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو گیا۔ میرے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے ۔ “ساکشی کو اختتامی تقریب میں پرچم بردار بنایا گیا تھا۔ساکشی نے پروگرام کے دوران ہریانہ کے دیگر پہلوانوں کی بھی تعریف کی۔انہوں نے گیتا فوگاٹ، سشیل کمار اور یوگیشور دت کو ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا “گیتا اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے والی پہلی خاتون پہلوان تھیں اور ان سے مجھے بہت حوصلہ اور ترغیب ملی۔ انہوں نے میرے اندر امید پیدا کی کہ میں بھی اولمپک جا سکتی ہوں۔ انہوں نے بھی میری جیت میں کردار ادا کیا ہے ۔ “ساکشی کو ان کی اس کامیابی کے لیے راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے ۔انہیں 29 اگست کو راشٹرپتی بھون میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا “میں کھیل رتن اعزاز ملنے پر بہت خوش ہوں۔”