ڈیوٹی سے غائب 3 میڈیکل افسربرخاست : نتیش کابینہ کا فیصلہ

پٹنہ 09 اگست (اسٹاف رپورٹر): بہار کابینہ نے سپریم کورٹ میں دائر ایس ایل پی نمبر 2004/2010 مرزا عارف رضا و دیگر بنام ریاستی حکومت ودیگر سے پیدا شدہ سول اپیل نمبر 857/2016 میں منظور آرڈر پر عمل درآمد کرتے ہوئے تریا سارن کے سابق سرکل افسر منوج کمار (بی اے ایس ) کی برخاستگی کو حسب سابق برقرار رکھا ہے۔ جبکہ پی ایچ سی نیم چک بتھانی ، گیا کے میڈیکل افسر ڈاکٹر اودئے کمار ،پی ایچ سی چوسا بکسرکی میڈیکل افسر ڈاکٹر زرینہ پروین اور پی ایچ سی کھڑگ پور ، مونگیر کے سابق میڈیکل افسر ڈاکٹر سنیل کمار سنگھ کو اپنی ڈیوٹی سے پانچ سالوں سے زیادہ عرصے تک غیر حاضر رہنے کے جرم میں محکمہ صحت کی برخاستگی تجویز کو کابینہ نے اپنی منظوری دے دی ہے۔ یہ اطلاع کابینہ میٹنگ کے بعد محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے پرنسپل سکریٹری برجیش مہروترا نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ آج منعقد کابینہ کی میٹنگ میں کل 16 ایجنڈوں پر فیصلے لئے گئے۔ ان میں کمرشیل ٹیکس محکمہ کے تحت ڈیزل اور پٹرول کی ٹیکس دروں میں اضافہ کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ جس کے مطابق ڈیزل پر موجودہ 18 فیصد کی ٹیکس در کو بڑھاکر 19 فیصد اور پٹرول کی موجودہ ٹیکس در 24.5 فیصد سے بڑھاکر 26 فیصد کردیئے جانے کا فیصلہ شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کے تحت ریاست کی یونیورسٹیوں اور کانسٹی چیوئنٹ کالجوں کے لائبریری اسسٹنٹ ، شارٹر ،روٹین کلرک اور کراس پونڈنٹ کلرک جو اپنی بنیادی عہدے پر مقررہ تعلیمی صلاحیت کی بنیاد پر باضابطہ تقرر ہوکر کام کررہے ہیں انہیں 1.1.96 سے اصولی طور پر 4 ہزار سے 6 ہزار کی شرح تنخواہ اور یکم اپریل 1997 کے اثر سے ترمیم شدہ شرح تنخواہ کے حساب سے مالی فائدہ عطا کرنے کا فیصلہ کابینہ نے دیاہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ تعمیرات سڑک کے تحت راماشیش پانڈے سبکدوش اکزکیوٹیو انجینئر (سول ) کیلئے سپرنٹنڈنگ انجینئر (سول ) کا ایک شیڈو پوسٹ (مورخہ 14.7.2000 سے 31.7.2002تک کیلئے )توضیع کرنے اور راماشیش پانڈے کو 14.7.2000 کے اثر سے اصولی طور پر ترقی دینے کے علاوہ رام کیشور رام سبکدوش اکزکیوٹیو انجینئر سول کیلئے سپرنٹنڈنگ انجینئر سول کا ایک شیڈو پوسٹ مورخہ 8.11.88 سے 30.9.2002 تک کیلئے وضع کرنے اور انہیں 8.11.1988 کے اثر سے اصولی طور پر ترقی دینے کی تجویز کو کابینہ نے اپنی منظوری دی ہے۔