یوگیشور کا کانسے کا تمغہ سلور میں بدل سکتا ہے

نئی دہلی،30اگست (یواین آئی)ریو میں اپنے خراب مظاہرے سے مایوس کرنے والے پہلوان یوگیشور دت بھلے ہی اپنے آخری اولمپک میں ملک کو تمغہ دلانے میں ناکام رہے لین چارسال پہلے لندن اولمپک میں دوسرے مقام پر رہے روسی ایتھلیٹ کے ڈوپ ٹیسٹ میں فیل ہونے کے بعد کانسے کا تمغہ جیتنے والے یوگیشور کو نقرئی تمغہ ملنے کا امکان ہے ۔
یوگیشور ن نے لندن اولمپک 2012 میں 60کلو گرام وزن زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ دوسرے مقام پر رہے روس کے بیسک کوڈوکھوو کو نقرئی تمغہ ملا تھا۔لیکن بیسک کو ڈوپ میں مثبت پائے جانے کے بعد ان سے ان کا تمغہ واپس لیا جاسکتا ہے جس سے تیسرے مقام پر رہ کر کانسہ جیتنے والے یوگیشور کو نقرئی اور چوتھے مقام پر رہنے والے پہلوان کو کانسے کا تمغہ دیا جاسکتا ہے ۔2013میں ایک کار حادثے میں بیسک کی موت ہوگئی تھی۔
حالانکہ اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان نہیں آیا ہے لیکن روسی ایجنسی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بیسک کو بین لاقوامی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا )نے ڈوپ میں مثبت پایا ہے ۔ہندوستانی پہلوان یوگیشور دت نے لندن میں چار سال پہلے 60کلو گرام زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔اگر ایسا ہوتا ہے تو یوگیشور انہی کھیلوں میں نقرئی جیتنے والے سشیل کمار کی برابری کرلیں گے ۔
ضابطوں کے مطابق اگر تمغہ جیتنے والا کوئی کھلاڑی ممنوعہ دواؤں کے استعمال کا قصوروار پایا جاتا ہے تو دوسرے بہترین کھلاڑی کو اس کاتمغہ دے دیا جاتا ہے ۔حالانکہ اس کے لئے سرکاری ضابطے پر عمل کرنا ہوتا ہے ۔فی الحال عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے اس بارے میں سرکاری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا ہے ۔
لیکن اگر یوگیشور کو نقرئی تمغہ دیا جائے گا تو اس کی اطلاع پہلے واڈا کو ہندوستانی کشتی اسو سی ایشن اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی )کو دینی ہوگی۔اس کے علاوہ یونائٹیڈ ورلڈ ریسلنگ کو بھی اس کی اطلاع دینی ہوگی جس کے بعد ہی اس عمل کو سرکاری طور پر منظوری مل جائے گی۔حالانکہ اس عمل میں کچھ وقت ضرور لگ سکتا ہے ۔
اسی دوران ہندوستانی کشتی ایسوسی ایشن نے بھی کہا ہے کہ انہیں اس بارے میں اطلاع ملی ہے لیکن اس سلسلے میں واڈا کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی آئی او سی کو اس بارے میں تحریری دستاویز ملے ہیں۔ڈبلیو ایف آئی نے ساتھ ہی بتایا کہ جب انہیں کشتی کی عالمی تنظیم (یو ڈبلیو ڈبلیو )سے تحریری اطلاع ملے گی تبھی واضح ہوگاکہ یوگیشور کو کب نقرئی تمغہ دیا جائے گا۔
ریو اولمپک سے پہلے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی(آئی او سی )نے آنجہانی بیسک کے نمونوں کی دوبارہ جانچ کی تھی۔یہ نمونے 2012 لندن اولمپک کے دوران لئے گئے تھے ۔ان نمونوں کو 10سال تک محفوظ رکھا جاتا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کے بیسک ،ازبیکستان کے آرتھر تیماجوو (120کلوگرام)سمیت پانچ پہلوانوں کے نمونوں کی دوبارہ جانچ کی گئی ہے جنہیں ڈوپنگ میں مثبت پایا گیا ہے ۔