جھارکھنڈ میں30 لاکھ بیت الخلا کی تعمیر ہوگی:رگھوور

رانچی ، یکم اگست(معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا کہ ریاست میں کام کرنے والی کمپنیاں سماجی فرائض کے تحت خرچ کی جانے والی دو فیصد رقم میں سے ایک فیصد ریاست کے سی ایس آر کونسل کے اکاؤنٹ میں جمع کریں اور گذشتہ سال کی بچی ہوئی رقم کا آدھا حصہ میں بھی کونسل میں جمع کیا جائے۔ اس کیلئے ایک سیل کی تشکیل کی جائے گی۔ جس میں نمائندے بھی رہیں گے۔ حکومت ضرورت کے مطابق اس فنڈ کا استعمال کرے گی۔ سرکار کی طرف سے تشکیل دی گئی پنچایت سکریٹریٹ اور یونیسیف تھرڈ پارٹی کے طور پر کام کی نگرانی کریں گے۔ کمپنی کے نمائندے بھی چاہیں تو وہ بھی خرچ کی جانی والی رقم کی تفصیل حاصل کرسکتے ہیں۔ ایک ویب سائٹ بھی بنایا جائے گا جس میں کاموں کی تازہ ترین تفصیل رہے گی۔ کام پوری شفافیت کے ساتھ کیا جائے گا۔ یہ فیصلے وزیراعلیٰ کی صدارت میں تشکیل دیئے گئے ریاستی سی ایس آر کونسل کی میٹنگ میں لئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی ترجیحات گنائی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے آئندہ تین برسوں کے دوران ریاست کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک کرنا ہے۔ اس کیلئے 30 لاکھ بیت الخلا بنائے جائیں گے۔ حکومت براہ راست مستفید ہونے والے کو رقم دے گی۔ دوسری ترجیح دیہی علاقوں اور نکسل زدہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی مہیا کرانے کی ہے اور تیسری ترجیح صحت ہے۔