نوجوان آئی اے ایس افسران حساس رہیں:مودی

نئی دہلی، 2 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج نوجوان آئی اے ایس افسروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اگر ہندستان کے عوام سے موثر طریقے سے وابستہ رہنا چاہتے ہیں تو انہیں تازہ ترین صورتحال اور اپنے قرب و جوار کے تئیں حساس رہنا چاہئے ۔ اسسٹنٹ سکریٹریز کے افتتاحی اجلاس میں2014 کے بیچ کے آئی ا ے ایس افسروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اب تک انہوں نے اپنے تربیت کے دوران جو کچھ سیکھا ہے اس کے علاوہ ازیں اب ان کے پاس اپنی ہنرمندی اور اپنے علم کو فروغ دینے کے لئے یہ ایک عظیم موقع ہے ۔ انہوں نے نوجوان افسروں کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ تین مہینوں کی مدت کا استعمال اپنی ہنر مندی بڑھانے اور جس محکمہ کے ساتھ انہیں منسلک کیا گیا ہے اس محکمہ کی کارکردگی کی قدروقیمت بڑھانے کے لئے کریں ۔ انہوں نے بطور خاص حکمرانی میں ٹکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کے کام کاج میں ٹکنالوجی کے استعمال کی کیفیت کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہوں۔وزیراعظم افسروں کو بتایا کہ انہیں پہلے سے چلے آرہے سلسلے سے غیر ضروری طور پر متاثر ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور مرکزی حکومت کے تحت اسسٹنٹ سکریٹریز کے طور پر اپنی وابستگی کی تین مہینے کی مدت کے دوران انہیں بے جھجک ہوکر اپنے سینئر افسروں کے روبرو اپنے نظریات و خیالات کا اظہار کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس تربیت کے تحت یہ ایک نیا پہلو ہے جو 2013 کے بیچ کے ساتھ شروع ہوا ہے اور اس عنصر کا مقصد یہ ہے کہ آئی ایس افسروں کو اپنے کرئیر کے ابتدا میں ہی مرکز میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوسکے اور یہ ایک ایسا موقع ہے جو شاید ان کے سینئر افسروں کو نہ حا صل ہوا ہو گا۔اس موقع پر عملہ ، عوامی شکایات اور پنشن کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور دیگر سینئر سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔