مارک زکربرگ ایک گھنٹے میں 3.4 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب

لندن: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے صرف ایک گھنٹے میں 3.4 ارب ڈالرز (3 کھرب 56 ارب پاکستانی روپوں سے زائد) کما لیے۔ مارک زکربرگ کی دولت میں یہ اضافہ اس وقت ہوا جب فیس بک کی جانب سے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی رپورٹ میں ویب سائٹ کے منافع میں ریکارڈ اضافہ دکھایا گیا۔ مثبت سہ ماہی رپورٹ کے باعث فیس بک کے حصص کی قیمت میں 6.5 فیصد اضافہ ہوا جس کا سب سے زیادہ فائدہ مارک زکربرگ کو ہوا۔ 3.4 ارب ڈالرز کے اضافے کے نتیجے میں 32 سالہ مارک زکر برگ کے مجموعی اثاثے 56.7 ارب ڈالرز تک جا پہنچے اور وہ اس وقت دنیا کے 5 ویں امیر ترین انسان ہیں۔ فیس بک صارفین کی تعداد 1.71 ارب سے تجاوز گزشتہ شب فیس بک کی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق فیس بک کے ماہانہ صارفین کی تعداد 1 ارب 71 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ اب روزانہ ایک ارب سے زائد صارفین موبائل فون کے ذریعے فیس بک کو استعمال کرتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ آئندہ سال کسی وقت صارفین کی تعداد دو ارب کا ہندسہ عبور کر جائے گی۔ فیس بک پر وقت گزارنے کی شرح میں بھی دوگنا اضافہ ہوا ہے تاہم اس حوالے سے اعداد و شمار پیش نہیں کیے گئے۔ فیس بک میسنجر کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ واٹس ایپ نے یہ سنگ میل چند ماہ پہلے ہی حاصل کر لیا تھا، دوسری جانب انسٹاگرام کے صارفین کی تعداد 500 ملین سے زیادہ ہے۔ مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ویڈیو ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ آئندہ پانچ سال کے اندر آن لائن بیشتر مواد ویڈیو کی شکل میں پوسٹ ہو گا۔ اور ہاں فیس بک پر روزانہ ڈھائی ٹریلین پوسٹس ہو رہی ہیں اور 2 ارب سرچز بھی کی جاتی ہیں۔ یعنی فیس بک سرچ کے معاملے میں بھی گوگل کے مقابلے پر آنا چاہتی ہے تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں انٹرنیٹ کی بجائے سائٹ سے متعلق مواد ہی ڈھونڈا جا سکتا ہے۔ تین ماہ کے اندر فیس بک نے اشتہارات اور دیگر چیزوں کی مدد سے 6.44 ارب ڈالرز کمائے جن میں سے 2.05 ارب ڈالرز منافع تھا جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 59 فیصد زیادہ ہے۔