21ویں صدی علم و ٹیکنالوجی پر مبنی صدی : گورنر

پٹنہ، 9 اگست (طارق حسن)۔ ”21 ویں صدی علم اور ٹیکنالوجی پر مبنی صدی ہے۔ ہر ایک انسان کو آج اتنا علم اور تکنیکی مہارت حاصل کرنے کا موقع ضرور ملنا چاہئے کہ وہ اپنے ضمیر اور مہارت سے معاشرے کو بہتر بنانے میں تعاون دے سکے۔ آج ہمارے اداروں کو محض عام تعلیم دینے کے بجائے، ایک ایسے علم کا مرکز بننے کی طرف گامزن ہونا چاہئے، جہاں ہمارے طلبا تحقیقی امور میں بھی اول آ سکیں ۔‘‘مذکورہ خیالات کا اظہارگورنر رام ناتھ کووند نے سبھاش انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، امہرا، بہٹا، پٹنہ کے آڈیٹوریم میں منعقد ’داخل آغاز سیشن تقریب ۔2016 ‘کو مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ آج کے سماجی ماحول میں ہمارے نوجوانوں کو اتنا بصیرت افروز اور محنتی بننا چاہئے کہ آنے والے وقت میں تبدیلی کی دھار کو وہ ایک مثبت سمت دے سکیں۔ہماری نوجوان طاقت ہی اس عظیم ملک کو بلندیوں کی چوٹی پر لے جا سکتی ہے۔ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ یہ نوجوان طاقت صحیح راہ پر چلے اور سچے واخلاص سے محنت کرتے ہوئے اپنی ترقی کے ساتھ ساتھ اپنے کے خاندان، معاشرے اور ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔ پروگرام میں گورنر نے کہا کہ تکنیکی تعلیم کے تئیں لگاؤ رکھنے والے نوجوان طبقے کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کے لیے پہلے بہار سے باہر جانے کی مجبوری تھی۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ آج این ایس آئی ٹی جیسے اداروں کی بدولت تکنیکی تعلیم کیلئے باہر جانے والے طالب علموں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ نیتا جی سبھاش انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے قیام سے آج ہونہار اور باصلاحیت انجینئر اور تکنیکی ماہر بن کر ملک کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ مسٹر کووند نے کہا کہ آج اس ادارے میں نئے تعلیمی سیشن کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ پروگرام طلباء کی روشن خیالی کے لئے منعقد کیا گیا ہے۔انہوں نے اس موقع پر ادارے کے تمام شاگردوں اور اساتذہ کو اپنی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔