اردو | हिन्दी | English
196 Views
Politics

سیلف ہیلپ گروپ کو دفتر کیلئے جگہ اور ایک لاکھ تک کا قرض

raghuwar
Written by Tariq Hasan

رانچی 23 ستمبر (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ ایک کروڑ ٹرن اوور کرنے والے سیلف ہیلپ گروپ کو دفتر کیلئے عمارت ،ریاستی حکومت بناکر مہیا کرائے گی۔ ساتھ ہی گروپ کو ملنے والے 50ہزار روپئے کے قرض کو بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کابھی فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بینکوں کے افسران سے بھی بات کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ آج گملا واقع پرم ویر البرٹ اکا اسٹیڈیم میں مکھیا ،پنچایت اور سچیوالیہ سیوکوں اور سیلف ہیلپ گروپ کے جنوبی چھوٹا ناگ پور ڈویژن کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماج کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے اور وہ سماجی ،اقتصادی تبدیلی کی بنیاد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا ک ایثار وقربانی کی علامت عورتیں خود میں ایک ادارہ ہوتی ہیں اس لئے خواتین کی اختیار کاری کیلئے حکومت مختلف سطح پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو ترقی کے راستے پر لے جانا ہے تو خواتین کو آگے آنا ہوگا اور آدھی آبادی کو ان کا حق دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تین سال کے اندر ریاست کو ترقی یافتہ ریاست کی صف میں لانا ہے تو خواتین کو آگے آنا ہوگا اور گاؤں میں ہی روزگار کے مواقع پیدا کرنے پڑیں گے۔

About the author

Tariq Hasan