اردو | हिन्दी | English
169 Views
Politics

نیپال کے وزیراعظم پرچنڈ دہلی پہنچے ، نتیش نے کی ملاقات

nitish-nepal
Written by Tariq Hasan

نئی دہلی،15ستمبر(یواین آئی)نیپال کے وزیراعظم پشپ کمل دہل پرچنڈ ہندوستان کے چار روزہ دورے پر آج صبح یہاں پہنچے ۔اندراگاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ سشما سوراج نے ان کا استقبال کیا۔مسٹر پرچنڈ کے ساتھ ان کی اہلیہ محترمہ سیتا دہل بھی آئی ہیں۔نیپال کے وزیراعظم کے ساتھ آئے ایک بڑے وفد میں وزیر خارجہ پرکاش شرن مہت اوربنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے وزیررمیش لیکھک شامل ہیں۔نیپال کے نئے آئین میں مدھیسی اور قبائلی فرقوں کی خواہشات کو شامل کئے جانے کی امیدوں کے ساتھ اگست میں اقتدار کی باگ ڈور سنبھالنے والے مسٹر پرچنڈ سے ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں عملی بہتری کی بھی امیدیں لگائی جارہی ہیں۔ایساسمجھا جاتاہے کہ ہندوستانی قیادت نیپال کی نئی حکومت کو آئین میں جلد از جلد متوقع ترمیم کرنے کی دوستانہ صلاح دے سکتی ہے تاکہ نیپال میں استحکام برقرار رہے ۔ہندوستان کا یہ واضح موقف ہے کہ آئین ہمہ گیر بنانے کی اس کی صلاح کا نیپال کے اندر کسی کی حمایت یا مخالفت سے لینا دینا نہیں ہے ۔یہ ہندوستان اورنیپال دونوں کے حق میں ہے ۔بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے نیپال کے وزیراعظم پشپ کمل دہال پرچنڈ سے ملاقات کی۔نتیش آج ہی نئی دہلی پہنچے ہیں۔ پرچنڈ نیپال اور بھارت کے تعلقات پر نئی پہل کرنے کی بات کرنے آئے ہیں۔ جس میں بہار اور نیپال کے سرحدی علاقوں کے مسائل کے علاوہ سیلاب جیسے مسئلے پر بھی انہوں نے نتیش کمار سے بات کی ہے۔ وزیراعظم پرچنڈ نے کہا تھا کہ پٹنہ سے کاٹھمنڈو کی فضائی سروس شروع ہونی چاہئے اس راستے میں کیا رکاوٹیں ہیں اسے بھی دیکھیں گے ،ساتھ ہی انہوں نے نیپال میں ڈیم بنانے کی بات بھی کہی تھی۔ ڈیم بنانے سے نیپال میں بجلی کی پیداوار ہوگی تو نیپال کی ترائی کے علاوہ بہار،اترپردیش اور اتراکھنڈ کو سیلاب سے راحت ملے گی۔

About the author

Tariq Hasan