آشا بھونسلے کے کردار کیلئے پرینکا’پرفیکٹ‘

ممبئی،10 ستمبر (پی ایس آئی) ہندوستان کی مشہور گلوگارہ آشا بھونسلے نے اپنی سوانح حیات پر مبنی فلم میں مرکزی کردار کے لیے پریانکا چوپڑا کا نام تجویز کر ڈالا۔انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق آشا بھونسلے کا ماننا ہے کہ پریانکا چوپڑا ان کا کردار کرنے کے لیے بالکل ‘پرفیکٹ’ ہیں۔گلوگارہ کی 83 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کیے گئے ٹائم لیس آشا کنسرٹ (Timeless Asha concert) کے دوران آشا بھوسلے نے کہا، ‘پریانکا میرا کردار ادا کرنے کے لیے ایک بہت موزوں انتخاب ہوں گی، ایک گلوکارہ کی حیثیت سے وہ کسی دوسرے گلوکار کو بہت بہتر انداز میں پیش کر سکتی ہیں’۔پرینکاچوپڑا بولی وڈ کی ایک ورسٹائل اداکارہ ہیں، جنھوں نے ہر کردار کو نہایت خوبی سے نبھایا ہے، فلم ‘میری کوم’ میں وہ ایک مشہور ہندوستانی باکسر کا کردار بھی ادا کرچکی ہیں۔