اتراکھنڈ میں کانگریس لائے گی ملازمین کیلئے اچھے دن

دہرادون03 ستمبر (ایجنسی): اتراکھنڈ کی کانگریس حکومت سبھی بلدیاتی اکائیوں میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو ریگولر کرنے کے بعد اب محکمہ شہری ترقیات نے صفائی ملازمین کے علاوہ دیگر محکموں میں کام کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو بھی ریگولر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ شہری ترقیات کی جانب سے تیار کی گئی تجویز کو جلد ہی ریاستی کابینہ کی منظوری ملنے کا امکان ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو گذشتہ کئی دہائیوں سے کام کررہے کنٹریکٹ ملازمین کو بڑا تحفہ مل سکتا ہے۔ شہری ترقیات پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین اور رکن اسمبلی راج کمار نے وزیراعلیٰ کو خط لکھ کر صفائی ملازمین کے ساتھ ہی تمام محکموں میں کام کررہے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کامطالبہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ ہریش راوت نے اس سلسلے میں محکمہ کے افسران کو تجویز تیار کرنے کیلئے کہا تھا اور یہ تجویز جلد ہی حکومت کا فیصلہ بن سکتی ہے۔