اداکاراؤں کیلئے یہ ہندی فلم انڈسٹری کا بہترین دور ہے : سوناکشی سنہا

ممبئی،23،ستمبر(پی ایس آئی) بولی وڈ اسٹارسوناکشی سنہا نے کہا ہے کہ اداکاراؤں کیلئے یہ ہندی فلم اندسٹری کا بہترین دور ہے، اب خواتین کو نہ صرف اچھے کردار دیئے جارہے ہیں بلکہ ان کے معاوضوں میں بھی بہتری آچکی ہے،اداکارہ نے کہا کہ ایک اداکارہ کیلئے یہ انڈسٹری میں بہترین دور ہے، خواتین کیلئے اچھے کردار تخلیق کئے جارہے ہیں، فلم اکیرا کی طرح فلم کا مرکزی کردار اب خواتین ہوتی ہیں،29 سالہ اداکارہ نے کہا کہ معاوضوں کے درمیان پائی جانے والی صنفی تفریق بھی اب کافی حد تک کم ہورہی ہے، اداکارائیں اپنے کام کی مناسبت سے ایوارڈز یا اعزازات وصول کررہی ہیں۔سوناکشی سنہا کی حال ہی میں فلم اکیرا ریلیز ہوئی ہے جسے اے آر مورگادوس نے ڈائریکٹ کیا، فلم نے 30 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے اور سوناکشی سنہا باکس آفس ردعمل پر کافی مطمئن ہیں،اداکارہ نے کہا کہ میں اکیرا پر آنے والے ردعمل پر کافی خوش ہوں،پوری فلم کا دارومدار مجھ پر تھا اور باکس آفس کا بزنس شاندار ہے، میرے خیال میں فلم منافع بخش ثابت ہوئی ہے۔ منافع کے علاوہ اپنے کردار اوراس کی ادائیگی کے حوالے سے مجھے جو داد مل رہی ہے وہ بہت حوصلہ افزا ہے، میں اکیرا جیسی فلمیں کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہوں۔یاد رہے اپنی ڈیبیو فلم دبنگ میں سوناکشی سنہا کو فلم فیئر ایوارڈ برائے بیسٹ فیمیل ڈیبیو سے نوازا گیا تھا۔اس کے علاوہ اداکارہ راؤڈی راٹھور، سن آف سردار، دبنگ2 ، لٹیرااور ہولی ڈے:اے سولجر یز نیور آف ڈیوٹی میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔فلم لٹیرا میں ان کی جانداری اداکاری پر فلم فیئر ایوارڈ2013 برائے بہترین اداکارہ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔