اسٹارٹ اپ پالیسی 2016 کو منظور

پٹنہ06 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): اسٹارٹ اپ پالیسی 2016 پر آج ریاستی کابینہ نے اپنی مہر لگا دی۔ اس کے ساتھ ہی بہار ان منتخب ریاستوں میں شامل ہوگیا ہے جہاں اس طرح کی پالیسی نافذ ہے۔ کبینیٹ کی بریفنگ کے دوران محکمہ صنعت کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر سدھارتھ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یہ نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد سے پانچ برسوں تک نافذ رہے گا۔کابینہ نے آج مجموعی طور پر 24 ایجنڈوں کو اپنی منظوری دی۔ پرنسپل کابینہ سکریٹری برجیش مہروترا نے فیصلوں کی تفصیلات باتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کے تحت بہار اشتہار پالیسی 2016کو بھی منظوری دی گئی۔ اس کے مطابق اشتہارات کیلئے شرح مقرر کرنے والی ایک کمیٹی ہوگی جو سالانہ ہر طرح کے ذرائع ابلاغ کیلئے ریٹ طے کرے گی۔ یہ کمیٹی پرنسپل سکریٹری یا سکریٹری محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کے تحت کام کرے گی جس میں ڈائرکٹر پی آر ڈی کے علاوہ محکمہ مالیات اور داخلہ کے ڈپٹی سکریٹری سطح کے افسران بھی شامل ہوں گے۔ اشتہار کیلئے مختلف ذرائع ابلاغ کا دائرہ بڑھایا گیا ہے۔جس میں اخبارات کے علاوہ رسائل اور سوینئر ،کافی ٹیبل بک ،ریلوے بس اسٹینڈ، ایئر پورٹ، مویز ، تھیٹر وغیرہ کوبھی جوڑا گیا ہے۔ پہلے اشتہارات کی ادائیگی پی آر ڈی کرتا تھا ،کارپوریشن وغیرہ کے اشتہارات کے کاغذات انہیں بھیج دیئے جاتے تھے ۔