انڈرورلڈ کے گڑھ میں سرمایہ کاری ہو سکتی ہے تو بہار میں کیوں نہیں : نتیش

انڈرورلڈ کے گڑھ میں سرمایہ کاری ہو سکتی ہے تو بہار میں کیوں نہیں:نتیش
پٹنہ، 09 ستمبر (یواین آئی) وزیر اعلی نتیش کمار نے بہار میں سرمایہ کاری کم آنے میں قانون و انتظام کی بدتر صورتحال کے لئے ہو رہی تنقید پر روک لگاتے ہوئے آج کسی مخصوص ریاست یا شہر کا نام لئے بغیر سرمایہ کاروں اور تاجروں سے پوچھا کہ انڈرورلڈ کے گڑھ میں اگر تیزی سے صنعت لگائی جارہی ہے تو بہار میں کیوں نہیں۔ مسٹر کمار نے یہاں کی صنعت وتجارت کی تنظیم بہار چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (بی سی سی آئی) کے 90 ویں یوم تاسیس پر منعقدہ ایک پروگرام میں سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ریاست میں سرمایہ کاری کرنے اور صنعت لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ”ریاست میں صنعت لگانے کے لئے ضروری بنیادی ڈھانچے کی تیزرفتار ترقی ہوئی ہے اس کے ساتھ ہی حکومت نے صنعت اور سرمایہ کاری سے متعلق فرینڈلی پالیسی نافذ کی ہے ۔امن وقانون کی حالت بہتر ہے اس کے باوجود سرمایہ کاروں کا یہاں نہ آنا بدقسمتی کی بات ہے ۔جرائم کی بات کریں تو اس کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ ہی پولیس اور انتظامیہ بھی کافی سرگرم ہے ۔انہوں نے سرمایہ کاروں سے پوچھا کہ اگر جرم کی بات کی جائے تو اس کے کچھ اعداد و شمار ہیں، جن کا ذکر کیا جا سکتا ہے ۔ جہاں سے انڈرورلڈ سب سے زیادہ سرگرم ہیں ،وہاں صنعت دھندے لگانے میں کاروباریوں کو کوئی خطرہ نظر نہیں آتا تو بہار میں ایسا کرنے میں کیامسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے بارے میں ایسا سوچنا کہ یہاں جرائم بڑھ رہے ہیں، صرف وہم ہے اور کچھ نہیں۔”