اپوزیشن ترقیاتی کاموں میں تعاون کرے : ممتا

کلکتہ، 25ستمبر(یو این آئی)مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ ترقیاتی کاموں میں تعاون کریں ۔انہوں نے کہا کہ سیاست کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رخنہ نہ ڈالیں کیونکہ دونوں مختلف چیزیں ہیں ۔ممتا بنرجی نے مرشدآباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاست درکنار کرکے صرف ترقیاتی کاموں پر توجہ دے رہے ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہاکہ ہم نے پانچ سالوں میں وہ کام کیا ہے جو اپوزیشن نے کئی دہائیوں میں نہیں کیا تھا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ قرض کے بوجھ کے باوجود ان کی حکومت فلاحی اسکیموں کے ذریعہ عوام کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکز ی حکومت بایاں محاذ حکومت کے دور کے قرض کے سود کیلئے بڑی رقم لیتی ہے ۔ممتا بنرجی دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد پہلی مرتبہ مرشدآباد کے دورہ پر پہنچی ہیں ۔اس موقع پروزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔جس میں کسان بازار، پاور سب اسٹیشن، پولس اسٹیشن، واٹر پروجیکٹ، روڈ پروجیکٹ ، گرلس ہوسٹل اور نئی حکومتی عمارت شامل ہے ۔خیال رہے کہ حال ہی میں ترنمول کانگریس نے کانگریس کے گڑھ میں سیندھ لگاکر ضلع پریشد سمیت کئی بلدیاتی اداروں کے کونسلروں کو اپنی پارٹی میں شامل کرکے قبضہ کرلیا ہے ۔اپوزیشن جماعتوں نے حکمراں جماعت کے اس رویہ کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں یہ غلط رجحان ہے ۔رائے عامہ کی توہین کے مترادف ہے ۔