ایشوریا رائے سے اپنی تعریف سن کرانوشکا شرما رو پڑیں

ممبئی،22ستمبر(پی ایس آئی) کہا جاتا ہے کہ کسی فلم میں دو بڑی اداکارائیں کام کر رہی ہوں تو ان کی آپس میں کبھی نہیں بنتی۔ خصوصاً بولی وڈ میں یہ بات بہت عام ہے۔ بولی وڈ کی نئی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کے سیٹ پر بھی ایسے ہی کچھ مناظر نظر آئے جب ایشوریا رائے کے ایک جملے پر انوشکا شرما زار و قطار رو پڑیں۔دیکھنے والوں کو لگا کہ یہ رونا شاید دونوں کی لڑائی کا شاخسانہ ہے لیکن بعد میں انکشاف ہوا کہ دراصل ایشوریا نے انوشکا کی تعریف کی تھی اور ماضی قریب کی ایک مقبول اداکارہ کے منہ سے اپنی تعریف سن کر انوشکا اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور رو پڑیں۔سیٹ پر کام کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ دیگر اداکاراؤں کے برعکس ایشوریا اور انوشکا میں بہت گہری دوستی ہوچکی ہے اور وہ دونوں اکثر آپس میں باتیں کرتی ہوئی پائی جاتی ہیں۔فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کرن جوہر کی فلم ہے جس میں رنبیر کپور، ایشوریا رائے، انوشکا شرما اور فواد خان اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔فلم کے جاری ہونے والے ٹیزر کے مطابق فلم کی کہانی محبت کی روایتی تکون پر مبنی ہے۔ فلم میں ایشوریا رائے نے شاعرہ کا کردار ادا کیا ہے۔فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ دیوالی کے موقع پر 28 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔