بارش کے موسم میں احتیاط ضروری ہے

*۔ شہناز بیگم
برسات کے موسم میں مختلف قسم کے امراض لاحق ہونے کاخطرہ ہوتا ہے۔ ان میں ہیضہ، ٹائیفائڈ، سوزش جگر الف (ہیپاٹائٹس اے ) اسہال اور مچھروں اور آلودہ پانی کے سبب لاحق ہونے والے امراض شامل ہیں۔برسات کے موسم میں مختلف قسم کے امراض لاحق ہونے کاخطرہ ہوتا ہے۔ ان میں ہیضہ، ٹائیفائڈ، سوزش جگر الف (ہیپاٹائٹس اے ) اسہال اور مچھروں اور آلودہ پانی کے سبب لاحق ہونے والے امراض شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بارش میں بھیگ جانے کی وجہ سے کھانسی، نزلہ، زکام، دمہ اور حساسیت (الرجی) بھی لاحق ہوسکتی ہے۔اس موسم میں سب سے زیادہ احتیاط کھانے پینے کے معاملے میں کرنی چاہیے۔ سب سے پہلے گھر میں صفائی ستھرائی کا زیادہ خیال رکھیں، خاص طور پر باورچی خانے کی۔ برتن استعمال کرنے سے پہلے انھیں صابن سے خوب اچھی طرح دھولیں۔ کھانے پینے کی اشیاڈھانپ کررکھیں۔ برسات کے موسم میں گوشت کھانا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ زیادہ روغنی اور مرچ مسالے والی غذاؤں کے بجائے ہلکی پھلکی زودہضم اشیا کھانی چاہییں۔ بازاری غذائیں کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ برسات کے موسم میں سرکا، لیموں اور کیری کا شربت پینا چاہیے۔ سرکے میں ہری مرچ اور پیاز ڈال کر کھانا مفید ہوتا ہے۔ پانی اْبال کر پینا چاہیے۔ کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ صابن سے خوب اچھی طرح دھونے چاہییں۔ سبزیاں اور پھل خوب دھوکر کھانے چاہییں۔ بارش کے موسم میں بچوں کا زیادہ خیال رکھیں۔ بچے غذائی بداحتیاطی کے سبب اسہال میں مبتلا ہوتے ہیں۔ اسہال میں مبتلا بچوں کو او آر ایس (ORS) پلانا چاہیے، اس لیے کہ ان کے جسم میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے۔ اوآرا یس پلانے سے بہت فائدہ ہوتا ہے، اس لیے کہ او آرایس میں گلوکوس، سوڈئیم کلورائڈ سوڈیم نائٹریٹ اور پوٹاشیئم کلورائڈ ہوتا ہے، جونمکیات کی کمی پوری کردیتا ہے اور بچے جلد صحت یاب ہوجاتے ہیں۔