تلنگانہ میں سیلاب کا قہر،سی ایم چندر شیکھر راؤ نے عوام کے تحفظ کی دی ہدایت

حیدرآباد،25ستمبر(یواین آئی) تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ 5دنوں کی شدید بارش کے بعد پیداصورتحال پر وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اضلاع میں چوکسی اختیارکرنے اور وزرا کو تیاررہنے کی ہدایت دی ۔ وزیراعلی نے دریائے گوداوری میں سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔انہوں نے گوداوری میں سیلاب کی سنگین صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے احتیاطی اقدامات کرنے وزیر آبپاشی ہریش راو اور چیف سکریٹری راجیو شرما کو ہدایت دی۔چندرشیکھر راو نے ہریش راو اور راجیو شرما سے بات چیت کرتے ہوئے تازہ صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔اس موقع پر ہریش راو نے وزیراعلی کو بتایا کہ گوداوری کی طاس کے تمام آبپاشی پروجیکٹس میں خاطر خواہ پانی جمع ہوگیا ہے اور کئی پروجیکٹس زیرآب ہوگئے ہیں۔ ہریش راو نے بتایا کہ نظام ساگر پروجیکٹ کی مکمل گنجائش 17ٹی ایم سی ہے جس میں اب تک 10ٹی ایم سی پانی پہنچ گیا ہے ۔ اتوار کی رات تک نظام ساگر مکمل طور پر سطح آب ہونے کا امکان ہے ۔ ہریش راو نے بتایا کہ مڈ مانیرپروجیکٹ کی صورتحال کا وہ شخصی طور پر جائزہ لینے کریم نگر روانہ ہورہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ اپر مانیر ‘سرسلہ ‘ کاماریڈی میں گزشتہ رات شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے ان علاقوں کے تالاب اور کنٹے زیرآب ہوگئے ہیں اور یہ پانی کریم نگر ضلع کے مڈمانیر تک پہنچ گیا ہے جس کے سبب زیر تعمیر مڈمانیر میں دو لاکھ کیوزک پانی جمع ہوگیا ہے ۔مڈمانیر کے بعض مقامات سے پانی بہہ رہا ہے جس کے پیش نظر مڈمانیر سے پانی کا بہاو ایل ایم ڈی سے گزرتے ہوئے منواڑہ ‘ کتور ‘ ملاپور ‘ کندی کٹکور و دیگر مواضعات میں داخل ہونے کا اندیشہ ہے ۔حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان مواضعات کے عوام کو چوکس کریں اور انہیں قبل از وقت محفوظ مقامات کو منتقل کریں۔