ثانیہ، بوپنا اور پیس دوسرے راؤنڈ میں

نیویارک، یکم ستمبر (یو این آئی)نمبر ایک خاتون ڈبلز کھلاڑی ثانیہ مرزا ، ہندستانی ٹینس تجربہ کار کھلاڑی لینڈر پیس اور روہن بوپنا نے سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنے اپنے ڈبلز میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا ہے ۔دنیا کی نمبر ایک خاتون ڈبلز کھلاڑی ثانیہ نے اپنی نئی جوڑی دار جمہوریہ چیک کی باربورا اسٹراکووا کے ساتھ ایک ساتھ اپنے پہلے گرینڈ سلیم میں فاتحانہ آغاز کیا۔ساتویں سیڈ جوڑی نے امریکہ کی جاڈا میٹر دل اور اے این ایشبارا کو ایک گھنٹے نو منٹ تک چلے میچ میں مسلسل سیٹوں میں 6۔3، 6۔2 سے شکست دی۔ہند چیک جوڑی کے سامنے اب خاتون ڈبلز کے دوسرے دور میں سوئٹزرلینڈ کی وکٹورجا گولبک اور امریکہ کی نکول ملچار اور امریکہ کی میڈیسن بریگلے اور جرمنی کی تاتجانا ماریا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح جوڑی سے مقابلہ ہوگا۔تجربہ کار ہندستانی کھلاڑی پیس نے مکسڈ ڈبلز زمرے کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں اپنی جوڑی دار سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ھنگس کے ساتھ دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔گزشتہ چمپئن پیس۔ھنگس نے امریکہ کی ساشیا ورکي اور فرانسس ٹیافوے کی جوڑی کو محض 51 منٹ میں 6۔3، 6۔2 سے شکست دی۔پیس۔ھنگس کے سامنے دوسرے دور میں ایناستازیا روڈنووا اور جوآن سیبسٹین کیابل اور ساتویں سیڈ امریکہ کی کوکو ویڈیویگے اور راجیو رام کے درمیان میچ کی فاتح جوڑی ہوگی۔وہیں مرد ڈبلز کے میچ میں روہن بوپنا اور ڈنمارک کے فریڈرک نیلسن کی جوڑی نے سخت جدوجہد کے بعد 16 ویں سیڈ جمہوریہ چیک کے رادیک استیپنک اور سربیا کے نیناد جمونوچ کو 6۔3، 6۔7، 6۔3 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا ۔ ہندو۔ڈین جوڑی کے سامنے اب امریکہ کے برائن بیکر اور نیوزی لینڈ کے مارکس ڈینیل ہوں گے ۔