حکومت کی ترجیح اب معیاری تعلیم : نتیش

پٹنہ 05 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں بہار میں گذشتہ برسوں کے دوران کافی کام ہوا ہے۔ مگر ابھی بھی بہت کچھ کیا جانا اور میلوں کا سفر طے کرنا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح اب کوالیٹی ایجوکیشن ہے۔یہ ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ تعلیم کا معیار صرف بہار کی فکر ہے امریکہ سمیت پوری دنیا میں اس پر بات چیت چل رہی ہے۔ یہ ایک لگاتار چلنے والا عمل ہے، ہم ادارے تو بہت بنائیں گے لیکن ان کا معیار اساتذہ پر منحصر ہے۔ اساتذہ اپنے فرائض کی انجام دہی پوری ایمانداری کے ساتھ کریں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیٹیوں کو پڑھانا ضروری ہے کیونکہ بیٹیاں اگر پڑھ گئیں تو بہار کامستقبل بدل جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بہار میں 12.5 فیصد بچے اسکول سے باہر تھے لیکن ان کی حکومت کی کوششوں سے آج صرف ایک فیصد بچے ہی اسکول سے باہر ہیں۔ پوشاک منصوبہ اور سائیکل منصوبے کا اثر ہے کہ آج 8 لاکھ سے زائد لڑکیاں نویں کلاس میں پڑھ رہی ہیں۔ جس وقت یہ منصوبہ شروع ہوا تھا اس وقت صرف ایک لاکھ 70 ہزار لڑکیاں ہی نویں کلاس میں تھیں۔ بہا ر بورڈ میں میرٹ گھوٹالہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کبھی کبھی اس طرح کے واقعات رونما ہوجاتے ہیں تو چیزیں اور بہتر ہوجاتی ہیں۔ میڈیا نے اسے اجاگر کیا تو ہم نے بھی اسے چیلنج کے طور پر لیا ہے اور جب تک ہم امتحان کے معاملے میں بدعنوانی کے امکانات کو پوری طرح ختم نہیں کردیں گے تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اسی طرح اور بھی کئی قدم اٹھائے جارہے ہیں جو پورے ملک کیلئے ایک مثال بنیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے 7 عزائم کے تحت اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ ،سیلف ہیلپ بھتہ ، اسکلڈ نوجوان، وائی فائی منصوبہ ، اسٹارٹ اپ کیپٹل کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ عشرہ میں ہی اسٹارٹ کپٹل منصوبے کو قطعی شکل دے دیا جائے گا۔ وائی فائی منصوبہ بھی جنوری ،فروری میں شروع ہوجائے گا۔یونیورسٹیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ یونیورسٹیوں کے معاملے میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے وہ صرف اتنا چاہتے ہیں کہ اکیڈمک کلینڈر بنے اور اسی کے مطابق سارا کام ہو، وقت پڑھائی، وقت پر امتحان اور وقت پر ریزلٹ ہو۔ ان کی کوشش ہے کہ بہار کے طلبا کو باہر نہیں جانا پڑے ،ہر ضلع میں انجینئرنگ کالج کھولے جارہے ہیں اور پڑھائی کے بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں۔