دہرادون میں شروع ہوئی سیب تقریب

دہرادون 18 ستمبر (ایجنسی): جلد ہی ہماچل اور کشمیر کی طرح اتراکھنڈ کے سیبوں کے بھی نام ہوں گے۔ سیب کی پہچان اور پیداوار بڑھانے کیلئے اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہریش راوت نے سیب تقریب اور سمینار کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اتراکھنڈ کے سیب کی باغبانی پر بھی غور وخوض کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے کہا کہ اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور جموں وکشمیر کے سیب کے کاشتکاروں کو مل کر ایک جامع پالیسی بنانی چاہئے ۔ ہارٹی ٹورزم کے شعبہ میں بے پناہ امکانات ہیں۔ راوت نے کہا کہ محکمہ باغبانی لگ بھگ 25منصوبوں میں کاشتکاروں کو مدد کررہا ہے۔ ہماچل پردیش میں بدلے ہوئے حالات کے مطابق اپنی پالیسی بنائی جس کا اسے فائدہ مل رہا ہے۔ ہمیں اس طرح کا میکانزم بنانا ہوگا جس سے ہم باغبانوں کو موسم اور دیگر حالات کے بارے میں پہلے سے بتاسکیں۔ اگلے دس برسوں کے منصوبہ بناکر ورلڈ بینک کے ساتھ اس پر بالتفصیل غوروخوض کیا جائے گا۔