سعودی اور خلیجی ممالک میں عیدالاضحی منائی گئی

دُبئی 12 ستمبر(یو این آئی)سعودی عرب، خلیجی ممالک اور متحدہ عرب امارات میں آج عید قرباں روایتی تزک و احتشام کے ساتھ منائی جارہی ہے ۔سعودی عرب میں عید قربان کی نماز کی سب سی بڑی جماعتیں مکہ مکرمہ کی مسجد حرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں ہوئیں۔مسلمانان عالم نے اس موقع پر دوگانہ کی ادائیگی کے ساتھ امن عالم اور اتفاق بین المسلمین کے حق میں دعا کی جو اس وقت سب سے بڑی عصری ضرورت ہے ۔درین اثنا سعودی وزارت صحت نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اعلان کیا ہے کہ رواں سال حج کے سیزن میں مقامات مقدسہ کے ہسپتالوں میں پہلی بچی کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام “مِنی” رکھا گیا ہے ۔وزارت صحت نے اپنے “ٹوئیٹر” اکاؤنٹ پر نومولود افغان بچی کی تصویر بھی جاری کی ہے ۔سعودیہ میں رات مزدلفہ میں گزارنے کے بعد آج تمام حجاج کرام منیٰ روانہ ہوئے جہاں وہ رمی جمرات اور قربانی کے ساتھ ساتھ دیگر مناسک حج ادا کئے ۔کل صبح سے ہی حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے اور دن اسی میدان میں گزرا جہاں امام کعبہ نے حجاج کرام کے سامنے خطبہ حج پیش کیا۔ سعودی عرب کی طرف سے حجاج کرام کی سلامتی اور حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ حجاج کرام کی فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹروں کے ساتھ ساتھ جدید کیمروں سے لیس ڈرون بھی فضاء میں موجود ہیں جو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے مشاعر میں حجاج کرام کی نگرانی کررہے ہیں۔درایں اثناء مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے حج کی احسن تکمیل پر اظمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے توقع ظاہر کی ہے کہ سیکیورٹی پلان کی حج کے تمام مراحل میں کامیابی کے بعداللہ کے مہمان بہ حفاظت اور پرسکون حج کی ادائی کے بعد اپنے اپنے ملکوں کو واپس جائیں گے ۔حجاج کرام کی خدمت پر محکمہ صحت کے تقریباً 26 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے تھے ۔ سعودی ہلال احمر کے 2500 رضاکار ان کے علاوہ ہیں جب کہ حجاج کرام کے لیے 25 اسپتال اب تک مختص ہیں تاکہ ہنگامی صورت میں حجاج کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے ۔