شبانہ اعظمی نے 66 بہاریں دیکھ لیں

ممبئی،۱۹،ستمبر(پی ایس آئی)آرٹ فلموں کی لیجنڈ اداکارہ شبانہ اعظمی نے18 ستمبر کو اپنی 66 ویں سالگرہ منائی۔اردو کے مشہور شاعر کیفی اعظمی کی بیٹی ، بولی وڈ فلموں کے کہانی نویس اور مکالمہ نگار جاوید اختر کی اہلیہ شبانہ اعظمی اٹھارہ ستمبر انیس سو پچاس کو دہلی میں پیدا ہوئیں۔انیس سو چوہتر میں پہلی فلم انکور سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور پھر بے شمار آرٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فلم ،ٹی وی اور تھیٹرمیں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کرنے والی شبانہ اعظمی ایک سماجی کارکن بھی ہیں۔ انکر، ارتھ، پار،گاڈ مدر،تھوڑی سے بیوفائی، معصوم،منڈی،امر اکبر انتھونی، سپرش، بھاؤنا، لباس، مکڑی اور تہذیب سمیت 120سے زائد ہندی فلموں میں کام کرکے شبانہ اعظمی نے کئی بولی وڈ اور انٹرنیشنل ایوارڈزاپنے نام کئے ہیں۔ شبانہ اعظمی نے خود کو جگمگاتی دنیا تک محدود نہیں رکھا بلکہ انہوں نے کچی آبادیوں میں رہنے والے محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لئے بیس سال تک طویل لڑائی لڑی اور بے گھر افراد کو گھر دلانے میں کامیاب ہوئیں۔شبانہ اعظمی کو 2006 میں گاندھی انٹرنیشنل ایوارڈ کے علاوہ چار نیشنل فلم ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔