شتروگھن سنہا نے ایک بار پھر کی حکومت بہار کی تعریف

پٹنہ04 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): پچھلے کئی مہینوں سے اپنے بیانوں کو لے کر چرچہ میں رہ رہے بھاجپا ایم پی اور فلم اداکار شتروگھن سنہا نے ایک بار پھر بہار کی عظیم اتحاد حکومت کی جم کر تعریفیں کی ہیں۔ سیلاب راحت معاملے میں شتروگھن سنہا نے صاف طور پر کہا ہے کہ ریاستی حکومت بہت بڑھیا کام کررہی ہے۔ مرکز کو بھی بہار کی خاطر خواہ مدد کرنی چاہئے۔ اس کے بعد سیاسی حلقوں میں اس بیان پر بحث گرماگئی ہے۔ بھاجپا کے رہنماؤں نے شتروگھن سنہا کو ہدف تنقید بنانے سے پرہیز کرتے ہوئے اشارے اشارے میں اس پر اپنا اعتراض جتاتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکومت سیلاب راحت کا انتظام ٹھیک سے نہیں کررہی ہے۔ اسے مرکز پر تہمت لگانے کی جگہ اپنے سسٹم کو ٹھیک کرنا چاہئے۔ قابل ذکر ہے کہ شتروگھن سنہا اتوار کے روز بختیار پور کے سیلاب راحت کیمپ میں گئے تھے۔ وہاں کے انتظام کو دیکھ کر انہوں نے کہا کہ حکومت بہتر کام کررہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت کو وعدے کے مطابق ریاستی حکومت کی پوری مدد کرنی چاہئے۔ شتروگھن سنہا کابیان ایسے وقت میں آیا ہے جبکہ سیلاب راحت کی بابت عظیم اتحاد اور این ڈی اے کے درمیان سیاسی ہاتھاپائی کی نوبت ہے۔ واضح ہوکہ بختیار پور کے راحت کیمپ میں گذشتہ ہفتہ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کے ذریعہ کھانا کھانے پر جدیو کے لیڈروں نے اسے ان کی بے شرمی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بہار کے وزیر مرکز سے مدد نہیں دلواتے تو جدیو کے کارکنان ایسے وزیروں کو بہار میں گھسنے نہیں دیں گے۔ اس بیان کے بعد زبردست سیاسی کھلبلی مچ گئی تھی۔