شہاب الدین کی ضمانت پر آج آسکتا ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ

نئی دہلی، 29 ستمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے زورآور لیڈر محمد شہاب الدین کی ضمانت کے خلاف درخواستوں پر آج فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔ اس پر کل فیصلہ آنے کا امکان ہے ۔ جسٹس پی سی گھوش اور جسٹس امیتابھ رائے کی بنچ نے تمام متعلقہ فریقوں کی دلیلیں سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔ عدالت اس پر کل اپنا فیصلہ سنائے گی۔ صبح ساڑھے دس بجے سماعت ایک بار پھر شروع ہوئی اور تقریبا سوا دو گھنٹے تک بحث جاری رہی۔ شہاب الدین کی جانب سے آج بھی سینئر وکیل شیکھر نافڈے ہی پیش ہوئے ۔ ایسی امید کی جا رہی تھی کہ سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی آخری موقع پر بحث کرنے آ سکتے ہیں، لیکن آج بھی وہ عدالت کے کمرے میں موجود نہیں تھے ۔ تیزاب سانحہ کے عینی گواہ کے قتل کیس میں پٹنہ ہائی کورٹ کی طرف سے ملی ضمانت کے خلاف متاثرین کے والدچندرکیشور پرسادعرف چندہ بابو نے اور سیاسی دباؤ کے بعد بہار حکومت نے رٹ دائر کی ہیں۔ درخواست گزاروں کا مطالبہ ہے کہ آر جے ڈی کے سابق رکن پارلیمنٹ کو ملی ضمانت منسوخ کی جائے اور انہیں فوری طور پر جیل بھیجا جائے ۔ چندہ بابو کی طرف سے معروف وکیل پرشانت بھوشن نے پیروی کی۔ ادھر شہاب الدین کی جانب سے بحث کر رہے مسٹر نافڈے نے شھاب الدین کا موقف رکھتے ہوئے دلیل دی کہ چارج شیٹ میں ان کے موکل کو ملزم نہیں بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی کی چارج شیٹ اور ضمنی چارج شیٹ میں بھی کمی پائی گئی ہے ۔ مسٹر نافڈے نے سوال کھڑے کئے کہ شہاب الدین سے وابستہ چارج شیٹ کو عدالت کو کیوں نہیں سونپا گیا۔ ان کے موکل کو بے وجہ سیوان جیل سے بھاگلپور جیل بھیجا گیا۔ اس معاملے میں کل بھی سماعت ہوئی تھی، لیکن وقت ختم ہونے کی وجہ سے اس کو آج کے لئے موخرکر دیا گیا تھا۔