عظیم اتحاد کے رہنما ضبط اور تحمل سے کام لیں : لالو

پٹنہ، 15 ستمبر (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سابق ممبر پارلیمنٹ محمد شہاب الدین کے وزیر اعلی نتیش کمار کے سلسلے میں دیے گئے بیان کے بعد حکمران مہاگٹھبندھن کے اتحادی جماعتوں میں مچنے والے گھمسان کے درمیان آج پھر آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو نے لیڈروں کو تحمل برتنے کے ساتھ ہی بلا وجہ بیان سے بچنے کی نصیحت کی ہے ۔مسٹر یادو نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ اتحادی پارٹی کے رہنما تحمل برتیں، تمام تنازع حل کر لیا جائے گا۔ پرانی باتوں کو بھول کر حال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اپنے ہی انداز میں کہا کہ ‘انڈیا ویاکل’ (بے چین) ھے ۔ آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ ریاست میں مہاگٹھبندھن کی حکومت بے وقوفی میں نہیں بلکہ بہت غور و فکر کرکے بنی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لڑوانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی بھی معاملے پر مہاگٹھبندھن کے اتحادی راشٹریہ جنتا دل، جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) اور کانگریس کے لیڈر مشترکہ طور پر پریس کانفرنس کریں گے ۔ اتحادی جماعتوں کو ایک فورم پر دکھائے جانے کی ضرورت ہے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ تینوں جماعتوں کو مل کر رہنا ہے ۔ جلد ہی پارٹی کی شکایت سیل قائم کیا جائے گا اور جس کو جو کہنا ہے وہ پارٹی میں ہی کہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں اتحادی پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے جو بیان بازی ہوئی اس بی جے پی نے فائدہ اٹھایا ہے ۔آر جے ڈی سربراہ نے پھر واضح کیا کہ مہاگٹھبندھن کے رہنما نتیش کمار بنائے گئے ہیں۔ حکومت کو مضبوطی سے چلانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کئی اہم کام ہیں جسے ابھی کرنا ہے ۔