عمر اکمل کی 18ماہ بعد ٹیم میں واپسی

کراچی، 25 ستمبر (یو این آئی) تقریبا 18 مہینوں سے پاکستانی کرکٹ ٹیم سے باہر چل رہے عمدہ بلے باز عمر اکمل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے ۔26 سالہ عمر کو تادیبی کارروائی کے پیش نظر ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔111 ون ڈے کھیل چکے عمر نے اپنا آخری میچ گزشتہ سال عالمی کپ کے دوران کھیلا تھا۔ٹیم کے سابق چیف کوچ وقار یونس کی عمر اکمل کے خلاف نظم و ضبط کو توڑنے کی شکایت کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔عمر کو اسی ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ پاکستان تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں 2۔0 کی ناقابل تسخیر برتری کے ساتھ آگے ہے ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ون ڈے شارجہ میں جمعہ کو کھیلا جائے گا۔سیریز کا دوسرا میچ دو اکتوبر اور تیسرا میچ پانچ اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے بلے باز اسد شفیق اور تیز گیند باز سہیل خان اور راحت علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان کو اپنی آخری ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 1۔4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کی موجودہ ون ڈے رینکنگ نویں ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قومی سلیکشن کمیٹی، ٹیم منیجمنٹ اور کپتان اظہر علی سے مشاورت کے بعد متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا۔تین ون ڈے میچوں کے بعد ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 13 اکتوبر سے دبئی میں شروع ہوگا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی ہی کریں گے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نائب کپتان ہوں گے ۔پاکستانی ون ڈے ٹیم :اظہر علی (کپتان)، شرجیل خان، بابر اعظم، اسد شفیق، شعیب ملک، سرفراز احمد، عمر اکمل، محمد نواز، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، راحت علی، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی اور سہیل خان۔