قومی سلامتی سے کوئی سمجھوتہ نہیں

نئی دہلی،7ستمبر(آئی این ایس انڈیا) کشمیر کو لے کرآج دہلی میں آل پارٹی میٹنگ ہوئی لیکن اس اجلاس میں کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں نکلا۔وزارت داخلہ نے اجلاس میں آل پارٹی وفد میں شامل لیڈران کی تجاویز کو لے کر ایک پریزنٹیشن بھی دیا۔وزارت داخلہ کی پریزنٹیشن میں کشمیر کے موجودہ حالات کو لے کر الگ الگ پارٹیوں کا نظریہ بتایا گیا۔اس میں شہری علاقوں میں مسلح فورس استحقاق ایکٹ (افسپا)کا جائزہ لینے کی بھی بات اٹھی اور کچھ جماعتوں نے کشمیر میں نیم فوجی فورسز اور فوجیوں کی تعداد میں کمی کا مشورہ دیا،کچھ جماعتوں کا یہ بھی خیال تھا کہ محبوبہ مفتی کشمیر تشدد سے نمٹنے میں ناکام رہی۔وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر جتندر سنگھ نے کہا کہ اجلاس میں اس بات پر تمام پارٹیوں نے اتفاق ظاہر کیاکہ سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قومی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،تمام پارٹیوں نے لوگوں سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ تشدد کے راستے پر نہ چلیں۔جتندر سنگھ نے کہا کہ ہم تمام فریقوں سے بات کرنے کو تیار ہیں۔آل پارٹی میٹنگ سے پہلے وادی کو لے کر آگے کی حکمت عملی پر بحث کرنے کے لئے راج ناتھ سنگھ آرمی چیف دلبیر سنگھ سے بھی ملے۔