ملوث دہشت گردوں کو بخشا نہیں جائے گا : وزیر اعظم

نئی دہلی، 18 ستمبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے اڑی سیکٹرمیں واقع فوجی کیمپ میں دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج وارننگ دی کہ دہشت گردانہ حملے میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ ” ہم اڑی کیمپ میں بزدلانہ دہشت گردی کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ہم ملک کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ اس دہشت گردانہ حملے کے پیچھے جن لوگوں کا بھی ہاتھ ہے ، انہیں کسی صورت بخشا نہیں جائے گا”۔ انہوں نے مسلسل ٹوئٹ میں مزید کہا کہ “ہم اڑدی کیمپ پر حملے میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ملک کی حفاظت میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ہماری قلبی تعزیت ان کے غمزدہ لواحقین کے ساتھ ہے “۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ انہوں نے وزیر دفاع منوہر پاریکر کو فوری طورپر جموں و کشمیر جا کر وہاں کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ” ابھی میں نے وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سے وہاں کی صورتحال پر بات کی ہے ۔ وزیر دفاع بذات خود صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جموں و کشمیر جارہے ہیں”۔ دریں اثناء، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اپنا دورہ امریکہ و روس فوری طورپر منسوخ کردیا ہے ، جبکہ وزیر دفاع مسٹر منوہر پاریکر سری نگر روانہ ہوچکے ہیں۔فوجی سربراہ دلبیر سنگھ سہاگ پہلے ہی سری نگر کے لئے روانہ ہوگئے ہیں، جو دہشت گردانہ حملے کے مابعد صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس حملے میں 17 فوجی جوان شہید ہوئے ہیں، جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔