مودی نے پاکستان کو سبق سکھانے کا وعدہ بھی وفا نہیں کیا : کنہیا

پٹنہ 20 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار منگل کو پٹنہ پہنچے۔ پٹنہ ایئر پورٹ پر اے آئی ایس ایف کے کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر کنہیانے کشمیر کے اڑی میں دہشت گردانہ حملے میں شہید فوجیوں پر گہرے صدمے کااظہار کرتے ہوئے مرکز کی پالیسی کو اس کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سرحد پر مرتے ہیں تو کچھ کھیتوں میں کام کرتے کرتے مرتے ہیں۔ لیکن ان کیلئے کوئی پالیسی نہیں بنتی ہے۔ کنہیا نے وزیر اعظم نریندر مودی پرنشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے اسی ایشو پر چناؤ لڑا تھا کہ ہم ایک سرکے بدلے دس سر کاٹ کر لائیں گے لیکن ان کا یہ وعدہ بھی فیل ہوگیا۔کنہیا کمار نے شام کو بہار انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے ہال میں منعقد ایک پروگرام میں تاناشاہی کے دور میں جمہوریت کی جدوجہد موضوع پر لیکچر بھی دیا۔