نئے شراب بندی قانون سے کوئی نہیں بچ پائے گا : نتیش

پٹنہ 19 ستمبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ دو اکتوبر کو باپو کے یوم پیدائش کے موقع پر شراب بندی کیلئے نیا قانون لاگو ہونے والا ہے۔ اس قانون سے شراب کا کوئی بھی دھندے باز بچ نہیں سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ زہریلی شراب سے اگر موت ہوتی ہے تو زہریلی شراب بنانے اور بیچنے والے کو عمر قید یا پھانسی کی سزا دی جائے گی۔ اس کے قصورواروں سے پیسہ وصولا جائے گااور مہلوکین کے اہل خاندان کو 4-4 لاکھ روپئے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ موصوف آج گوپال گنج کے امبیڈکر بھون میں منعقد جیویکا سیلف ہیلپ گروپ کی دیدیوں سے گفتگو پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابھی حال ہی میں گوپال گنج میں زہریلی شراب پینے کی وجہ سے متعدد لوگوں کی موت ہوگئی ۔ ہم نے بھی اس سلسلے میں جانکاری لینے کی کوشش کی ،پہلے یہ بتایا گیا کہ موت کی وجہ شراب نہیں بلکہ کچھ اور ہے۔ لیکن مجھے اطمینان نہیں ہوا ،ہم نے ضلع مجسٹریٹ کو ہدایت دیئے کہ اس معاملے کی سنجیدگی سے جانچ کی جائے ۔ بھلے ہی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بتائے جائے کہ زہریلی شراب سے موت نہیں ہوئی ہے تاہم یہ ہوسکتا ہے کہ الٹی ہوجانے کی وجہ سے پیٹ خالی ہوگیا ہو اور شراب پینے کی تصدیق نہیں ہوپائی ہے۔ لیکن حالات پر مبنی جو شواہد ہیں ان کی بنیاد پر یہ سوال اٹھتا ہی ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ ایک ساتھ اتنے لوگوں کی موت واقع ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ لوگوں نے تو خوف کی وجہ سے لاش کو جلا بھی دیا ۔ان کے اہل خاندان کو لگا کہ مہلوکین کے شراب پینے کی وجہ سے ان پر کسی طرح کی کوئی کارروائی نہ ہو۔وزیر اعلیٰ نے مہلوکین کے گھر والوں سے اپیل کی کہ وہ کھل کر بولیں ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوپال گنج زہریلی شراب کانڈ کے معاملے میں پولس تفتیش کررہی ہے۔ مہلوکین کے گھر والوں کو چار لاکھ روپئے قصورواروں سے وصول کر فراہم کرانے کیلئے ضلع مجسٹریٹ نے پبلک ڈیمانڈایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی ہے اس میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے مگر اسی بیچ ریاستی حکومت نے پہلے ہی اپنے خزانے سے مہلوکین کے گھر والوں کو چار چار لاکھ روپئے کی امداد رقم ڈی ایم کے ذریعہ دے دی گئی ہے۔اس موقع سے وزیر اعلیٰ نے گوپال گنج ضلع میں سیلاب کی صورتحال کے حوالہ سے کہا کہ سیلاب کا خطرہ 15 اکتوبر تک برقرار رہتا ہے۔ نیپال میں بارش ہونے کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے لہٰذا سیلاب سے نپٹنے کیلئے ہم لوگوں کو ہمیشہ تیار رہنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گوپال گنج ضلع کے چند بلاک علاقوں میں کم بارش ہونے کی وجہ سے سوکھے کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے نہروں کے توسط سے پانی پہنچانے ، پرائیویٹ ٹیوب ویل، ڈیزل سبسیڈی ،بجلی کی مسلسل فراہمی کے سلسلے میں اعلیٰ افسران کو ہدایت دی تاکہ ان علاقے میں لگی فصلوں کو بچایا جاسکے۔