نوازالدین کے بغیر فریکی علی نہیں بن سکتی تھی

ممبئی،9 ستمبر (پی ایس آئی)بولی وڈ پروڈیوسر ہدایت کار اور اداکار سہیل خان کا اپنی فلم ’فریکی علی‘ کے حوالے سے کہنا ہے کہ اگر اس کی کاسٹ میں اداکار نواز الدین صدیقی شامل نہیں ہوتے تو شاید یہ فلم نہیں بن پاتی۔واضح رہے کہ سہیل خان اس فلم کی پروڈکشن کے ساتھ ہدایات بھی دے رہے ہیں، فلم ’فریکی علی‘ میں نوازالدین صدیقی علی نامی شخص کا مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جس میں نواز کے ساتھ سہیل خان کے بھائی ارباز خان بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں.سہیل خان اس سے قبل کئی فلموں کی پروڈکشن کرچکے ہیں، ان کے پروڈکشن ہاؤس کی پہلی ہٹ فلم ’میں نے پیار کیوں کیا‘ تھی جو 2005 میں ریلیز ہوئی، اس فلم میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق سہیل کا کہنا تھا کہ وہ گالف کے کھیل پر فلم بنانا چاہتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ’لوگ سمجھتے ہیں کہ گالف کھیل امیروں کا کھیل ہے تاہم اس فلم کی کہانی میں پیش کیا گیا ہے کہ ایک ایسا شخص جو غریب ہے لیکن بہترین گالف کھیل سکتا ہے‘۔سہیل کا فلم میں نواز کے مرکزی کردار کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’میں چاہتا تھا کہ نواز ہی فلم میں علی بنیں، یہ میری اچھی قسمت ہے جو نواز نے اس فلم میں کام کی حامی دی، ورنہ مجھے نہیں لگتا کہ ان کے بغیر یہ فلم بن سکتی تھی‘۔